اسلام آباد کے عوام بنیادی جمہوری حق سے محروم

اسلام آباد کو بیوروکریسی کا غلام بنا دیا گیا ہے، نصراللہ رندھاوا

اسلام آباد——امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہاہے کہ اسلام آباد کو بیوروکریسی کا غلام بنا دیا گیا ہے،آج بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس میں وفاق اورالیکشن کمیشن نے اپناجواب جمع کرانا تھا،مگر جج کے چھٹی کی وجہ سے کاز لسٹ منسوخ کردی گئی یہ کیس فوری نوعیت کا تھا، عوام کوآج کی سماعت سے بڑی توقعات تھیں ، عوام کو مایوسی ہوئی۔
ان خیالات کااظہارامیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد کے سارے مسائل کی جڑ بلدیاتی انتخابات کا نہ ہو نا ہے،اسلام آباد کو طویل عرصے سے جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے،پانچ سال سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے،چار بار بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر کے انہیں ملتوی کیا گیا،15 فروری 2026 کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہونا تھے، جنوری میں نیا صدارتی آرڈیننس جاری کر دیا گیا،نئے آرڈیننس میں اسلام آباد کے چار ٹانز بنا دیئے گئے، ایڈمنسٹریٹر کو میئر کے تمام اختیارات دے دئے گئے، بلدیاتی انتخابات کوغیر جماعتی کر دیا گیا.
نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ غیر جماعتی انتخابات کا مقصد منتخب نمائندوں کی منڈی لگانا ہے،12 جنوری کو آرڈیننس آیااور دودن بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، ہم نے 16 جنوری کوآرڈیننس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا،16 جنوری کو ہی الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کیا، 17 جنوری کو ہم نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن بھی چیلنج کیا، آج وفاق اورالیکشن کمیشن نے اپناجواب جمع کرانا تھا،آج جب عدالت گئے تو کاذ لسٹ کینسل ہو چکی تھی کیونکہ جج صاحب چھٹی پر تھے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کیس فوری نوعیت کا تھا، عوام کوآج کی سماعت سے بڑی توقعات تھیں ، عوام کو مایوسی ہوئی،
نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ آئین پاکستان کے تحت بلدیاتی انتخابات حکومت کی ذمہ داری ہے،الیکشن نہ کرانا آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے،الیکشن کا انعقاد نہ ہوناسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے، اسلام آباد کے عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے،جب الیکشن کا شیڈول جاری ہو جائے توکوئی بھی نیا آرڈیننس اس نہیں آسکتا، نئی ترمیم یا آرڈیننس شیڈول شدہ الیکشن پرلاگو نہیں ہوتا،الیکشن کمیشن حکومت پاکستان کا سہولتکار بنا ہواہے،
نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباداس وقت بے شمارمسائل میں گھراہواہے، منتخب نمائندے ہی عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں، بیوروکریٹس افسر شاہی کا حصہ ہیں، اسلام آباد سے جمع ہونے والے ٹیکس پر یہاں کے عوام کا حق ہے، اسلام آباد کو بیوروکریسی کا غلام بنا دیا گیا ہے،یہ اپنے پاس اختیارات رکھنا چاہتے ہیں، جب حکومت کو ہارنظرآتی ہے توالیکشن ملتوی کر دیتی ہے،الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ 15 فروری کواسلام آبادمیں الیکش کرائے،اسلام آباد ہائیکورٹ بھی الیکشن کمیشن کو حکم دے کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کرائے، 15 فروری کے الیکشن کے لیے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔