ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں خصوصی پیکج تیار

وفاقی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں خصوصی پیکج تیار کر لیا ہے، جس کے تحت سرمایہ کاری کو محفوظ اور ٹیکس فری بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس پیکج کا مقصد ملک میں ڈالرز کی آمد بڑھانا اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا ہے، جبکہ ڈرافٹ منظوری کے لیے عالمی مالیاتی ادارے کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

پلان کے تحت پراپرٹی لین دین میں شفافیت کے لیے ‘ایسکرو اکاؤنٹ’ نظام متعارف کرایا جائے گا، جس میں سرمایہ کاروں کی رقم سودے کی تکمیل تک محفوظ رہے گی۔ اس کے علاوہ ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ اور خصوصی انویسٹمنٹ زونز کے قیام کی تجاویز بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس میں ممکنہ نرمی آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد آئندہ ماہ متعارف کرائی جا سکتی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ اس پیکج کے فوائد صرف فائلرز تک محدود ہوں گے، جبکہ نان فائلرز کے لیے کوئی رعایت شامل نہیں کی گئی۔