پاک بھارت کشیدگی کے اہم نتائج نکلے ہیں ، امریکہ دونوں ممالک کو برابر سمجھتا ہے

اسلام آباد،

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے اہم نتائج نکلے ہیں ، امریکہ دونوں ممالک کو برابر سمجھتا ہے، تجارت کے حوالے سے برابری کا رجحان بڑھا ہے اور مسئلہ کشمیر دوبارہ عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ پاکستان کو اپنے سفارتی، دفاعی اور معاشی ستونوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر ایک انسانی حقوق کے مسئلے کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے عوامی سطح کی سرگرمیوں اور ریاستی سفارت کاری کو ایک متفقہ بیانیے کے تحت ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ کشمیری تارکین وطن نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی برداری کے سامنے اجاگے کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس ) اسلام آباد میں ‘مسئلہ کشمیر کا دوبارہ ابھرنا: نظریات اور مستقبل کے امکانات’ کے موضوع پر منعقدہ سمینار میں بیرون ملک مقیم کشمیری رہنماؤں اور سابق سفارتکاروں نے کیا۔ سیمینار سے بیرون ملک سے کشمیری قیادت تحریکِ کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر ڈاکٹر مزمل ایوب ٹھاکر، اور کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین ظفر نذیر قریشی شریک ہوئے۔ اس موقع پر سابق صدر آزاد کشمیر اور امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر سردار مسعود خان مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمان اور دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔ مقررین نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر ایک انسانی حقوق کے مسئلے کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے عوامی سطح کی سرگرمیوں اور ریاستی سفارت کاری کو ایک متفقہ بیانیے کے تحت ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ کشمیر کے مقصد کے لیے کام کرنے والے تمام اداروں کو ایک مشترکہ نظریاتی عزم متحد کرتا ہے۔ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری تارکین وطن کے عزم کو تقویت دے اور کشمیر کے معاملے کو عالمی سطح پر نمایاں کرے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے تین اہم نتائج نکلے ہیں ،جن میں امریکہ دونوں ممالک کو اب حکمت عملی کے لحاظ سے برابر سمجھتا ہے، تجارت کے معاملات میں مساوات کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے، اور کشمیر کا مسئلہ دوبارہ عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے سفارتی، فوجی اور معاشی ستونوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔ محمد غالب نے پاکستان کے بیرون ملک سفارتخانوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے کشمیری تارکین وطن کی کوششوں کی زیادہ فعال طور پر حمایت کریں۔ پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے کشمیر پر ایک واضح اور مستقل پالیسی ضروری ہے، اور حکومت کو اہم ممالک کے ساتھ رسمی طور پر مشغول ہونا چاہیے اور اپنے سفارتی اداروں کو فعال کرنا چاہیے۔ یورپ میں کشمیر کو ایک دوطرفہ مسئلہ سمجھا جاتا ہے، پاک بھارت حالیہ واقعات نے اس تنازعے کے حل کی فوری ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ ظفر قریشی نے کشمیری رہنماوں کے درمیان ہم آہنگی کی کمی کی طرف اشارہ کرتے ان کی کوششوں کو ایک وسیع پلیٹ فارم کے تحت متحد کرنے پر زور دیا۔ پاکستان کی فعال اور مستقل حمایت اس جائز جدوجہد کے لیے نہایت اہم ہے، جس کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔ مزمل ایوب ٹھاکر نے کہا کہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عوامی سوچ میں تبدیلی آئی ہے، بھارت کے بارے میں تصورات بھی بدل گئے ہیں۔ اسرائیل کے حق میں بیانیے سے بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے بھارتی غلط معلومات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے، کشمیر کے حوالے سے اسی حکمت عملی کو استعمال کرتے ہوئے پیش رفت کو برقرار رکھنا ہوگا۔ اختتامی کلمات میں خالد رحمان نے زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے کو وسیع تر عالمی تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔ بدلتے ہوئے عالمی نظام میں جامع حکمت عملی اپنانا ضروری ہے، جو پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے کشمیر کے مقصد کو آگے بڑھائے۔ بیانیہ کی جنگ بین الاقوامی رائے کو تشکیل دینے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے، لیکن مقامی عوام کے لیے تیار کیے گئے بیانیے اکثر عالمی سطح پر اثر انداز نہیں ہوتے۔ عالمی سطح پر اپنا مؤقف مؤثر طریقے سے پیش کرنے کے لیے حکمت عملی کو بہتر بنانا ہوگا، انہوں نے تاکید کی کہ کشمیر کے لیے پاکستان کو مستقل اور واضح موقف، یکجہتی اور اعتماد کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر کشمیر کے لیے ایک منصفانہ مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔