اسلام آباد
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی جس میں صوبے میں ریلوے کی بہتری، سیاحت کے فروغ اور سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی انکے ہمراہ تھے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پشاور سے لنڈی کوتل تک تاریخی سفاری ٹرین کو جلد بحال کیا جائے گا تاکہ نہ صرف سیاحت کو فروغ دیا جا سکے بلکہ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو خیبر کے حسین پہاڑی مناظر سے روشناس کرایا جا سکے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ پشاور تا کراچی ریلوے ٹریک کو ماڈل ٹریک بنایا جائے تاکہ صوبے کے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ریلوے نظام کی بحالی سے معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے گورنر کو یقین دلایا کہ ریلوے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، ٹرینوں کی بروقت روانگی و آمد ، صفائی اور بہتر ماحول کی فراہمی انکی ترجیحات میں شامل ہے، ملاقات میں پشاور سفاری ٹرین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،انہوں نے گورنر کی دعوت پر جلد پشاور دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی
