پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں، خصوصاً ورک ویزا کے خواہشمند افراد کے لیے ویزا پالیسی میں آسانیاں پیدا کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ابوظہبی میں یو اے ای وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر یو اے ای کے نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستانیوں کو درپیش ویزا مسائل، خاص طور پر ورک ویزا سے متعلق امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) سے استفادے پر زور دیا گیا۔
شیخ سیف بن زاید نے محسن نقوی کو ویزا سے متعلق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام یو اے ای کی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، یو اے ای کے ساتھ سیکیورٹی سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے لاکھوں پاکستانیوں کو براہ راست ریلیف ملے گا، جو یو اے ای کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے ابوظہبی پولیسنگ سسٹم اور آپریشنز روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیسنگ کے جدید نظام میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اسے سراہا۔