آندھی اور طوفان سمیت شدید بارش کا امکان

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے اضلاع بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد،سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں اگلے 12گھنٹوں میں آندھی اور طوفان سمیت شدید بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی اوراسلام آباداگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں ممکنہ طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

نالہ لئی کے قریبی اور نشیبی علاقوں کے مکین خطرے کا سائرن بجنے کی صورت میں فوراً انخلاء کی تیاری رکھیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں۔

ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔

حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں

مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔