اسلام آباد—— امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ 7دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے لیے نیشنل پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاج مظاہرہ کریں گے
14دسمبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان کا جرگہ کریں گے، 21 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کو جمع کرکے کنونشن کریں گے اور 28 دسمبر کو “حق دو اسلام آباد کو” کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے جماعت اسلامی اسلام آباد کے رہنما ہماایوب، عامر نواز و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام پاکستان کا دارلحکومت ہے،2015 میں اسلام آبادکا لوکل باڈی آرڈیننس آیا، ایکٹ جے تحت ہر پانچ سال کے بعد لوکل باڈیز کے انتخابات ہو نا تھے،14 فروری 2021کو بلدیاتی اداروں کی مدت پوری ہو گئی،اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات یہاں کے عوام کا جمہوری حق ہے،بلدیاتی انتخابات نہ ہو نے کی وجہ سے اسلام آباد کے تمام اختیارات ایک فردکے گرد مرتکز ہیں، چیئرمین سی ڈی اے ، کمشنر اور میئر کے اختیارات ایک ہی فرد کے پاس ہیں،اسلام آباد کے نواحی علاقوں کے مسائل سے چیئرمین سی ڈی اے کو کوئی غرض نہیں، نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد انتظامیہ صرف ٹیکس جمع کر نے میں ہی دلچسپی رکھتی ہے،سی ڈی اے عوامی کچہریوں کے نام پر اپنے ہی ملازمین بٹھا کر جعلی فیصلے کر لیتا ہے، پچھلے 35 سال میں اسلام آباد کے لیے پانی کا کوئی نیا منصوبہ نہیں لایا گیا ،کوئی نیا سیکٹر ڈویلپ نہیں کیا گیا ،صحت کی سہولیات کے لیے کوئی نیا ہسپتال نہیں بنایا گیا، اسلام آباد میں تعلیم کے لیے بچوں کو سرکاری اداروں میں داخلہ نہیں ملتا۔اسلام آباد میں صرف مخصوص منصوبوں کو ہی راتوں رات مکمل کیا جاتا ہے، نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ اسلام آباد کو کیوں آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کیا گیا ہے،نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے نام پر بار بار انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں،اصل میں اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں اب یہ بات ایسے نہیں چلے گی، جماعت اسلامی عوام کی آواز بنے گی، اسلام آبادکی اپنی اسمبلی ہو نی چاہیئے، این ایف سی میں اسلام آباد کا حصہ ہو گا، اسلام آباد کو صوبے کا درجہ دیے کر بلدیاتی انتخابات کرائےجائے ۔
نصراللہ رندھاوا نے کہاکہ 7 دسمبر کو پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاج کریں گے، 14دسمبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر ان کا جرگہ کریں گے،28دسمبر کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کو جمع کریں گے، اسلام آباد کے عوام کو ان کا حق دلا کر رہیں گے، یہ تحریک اب رکے گی نہیں بلکہ آگے بڑھتی چلی جائے گی۔مسلم کالونی میں گھروں کو گرایا جا رہا ہے، ہم مسلم کالونی کے لوگوں کے ساتھ ہیں ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے ۔ اسلام آباد کے امن کوتباہ کر نے کی کوشش نہ کی جائے،
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے، اسلام آباد کی عوام کے پاس جائیں گے اور ان کو حق دلائیں گے ۔
