وزیر اعظم کے تاریخی اکنامک پیکج کا خیر مقدم

عاطف اکرام شیخ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی وزیر اعظم کے تاریخی اکنامک پیکج کا خیر مقدم کرتی ہے، تاریخی اکنامک پیکج کا اعلان “معرکہ معیشت” میں ایک اہم موڑ ہے۔ اس اعلان نے پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا تاریخی اکنامک پیکج کا اعلان خوش آئند ہے۔ پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کی راہ پر گامزن کردیا ۔ ڈسٹرکٹ اکنامی کا فروغ ناگزیر ہے۔ ہمارا عزم میڈ ان پاکستان کو دنیا بھر میں مثالی برانڈ اور ملک کو ایکسپورٹ لیڈ پاور ہائوس بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس ملک سہیل حسین، ایڈوائزر صدر ایف پی سی سی آئی شیخ مزمل سلیم، صدر راولپنڈی چیمبر عثمان شوکت، نائب صدر راولپنڈی سمال چیمبر آصف جاوید، چیئرمین فائونڈر گروپ اسلام آباد چیمبر طارق صادق بھی موجود تھے۔ عاطف اکرام شیخ صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا فلسفہ مخالفت نہیں بلکہ معاونت ہے۔ ہم نے ہمیشہ بامعنی شراکت داری کو ترجیح دی ہے۔ ہم آئی ایم ایف کی پابندیوں اور حکومتی مجبوری سے بخوبی واقف ہیں۔ہم بجلی قیمتوں میں4.04روپے فی یونٹ کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آنے والے دونوں میں مزید کمی ممکن ہو سکے گی ۔ اسی طرح بلیو پاسپورٹ کی سہولت کا اعلان بھی ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی وقت کی ضرورت ہے اور اس کو بتدریج 7فیصد تک لایا جا سکتا ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور غربت میں کمی واقع ہو سکے۔ وہیلنگ کا مسئلہ کافی عرسہ سے التواء کا شکار تھا ایف پی سی سی آئی اس اہم معاملے پر حکومت کیساتھ مسلسل رابطے میں رہی۔ ایک فعال وہیلنگ میکانزم نہ صرف سستی بجلی کی ترسیل کو آسان بنائے گا بلکہ ہمارے ایکسپورٹرز کیلئے عالمی تقاضوں کو پورا کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔ اس سے ہماری صنعتوں کو سستے توانائی کے ذرائع تک رسائی ملے گی جو عالمی مارکیٹ کی بنیادی ضرورت ہے۔ عاطف اکرام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سپر ٹیکس کی مد میں 300ارب روپے کی فوری ریکوری صنعتوں کی کمر توڑ دے گی ۔ موجودہ حالات میں یہ ریکوری نہ صرف لیکویڈیٹی کا سنگین بحران پیدا کرے گی بلکہ پورے کاروباری نظام کو درہم برہم کر دے گی ۔ اس لیے اس معاملے پر بھی کوئی معقول تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ اکنامی کا فروغ ناگزیر ہے ۔ ضلع سطح پر ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او کی طرز پر ایک ڈسٹرکٹ اکنامک کمشنر کا تقرر بھی کیا جائے یہ اکنامک کمشنر ضلع سطح پر مصنوعات کے فروغ، صنعتی ریسرچ، صنعتی ترقی، انسانی وسائل کی ترقی، خواتین کی معیشت میں شمولیت، ایس ایم ایز کا فروغ اور بہتر روزگار کی فراہمی کا ذمہ دار ہو اس حکمت عملی کے ذریعے لوگوں کو ان کی دہلیز پر معقول کاروبار اور روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے ۔ ہمارا مقصد پاکستان کو ایک ایکسپورٹ لیڈ پاور ہائوس بنانا ہے ۔ ہم پاکستان کے ہر ضلع میں انڈسٹریل ہب کھڑا کریں گے ۔ انہوں ے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کیا جائے، سختی کے بجائے ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے انفورسمنٹ کی جائے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ، طارق جدون، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین،سابق صدر ایف پی سی سی آئی غضنفر بلور، چیئرمین فائونڈر گروپ اسلام آباد چیمبر طاہر صادق ،صدر راولپنڈی چیمبر عثمان شوکت، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی میاں اکرم فرید،ایڈوائزر صدر ایف پی سی سی آئی شیخ مزمل سلیم نے حکومت کے معاشی پیکج اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا اقدام خوش ائند ہے۔انہوں نے روزیراعظم سے گزارش کی کہ راولپنڈی، اسلام اباد سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی ترسیل کی بندش کا نوٹس لیںحکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، بلیو پاسپورٹ سے وقار بلند، ایکسپورٹ لیڈ گروتھ بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس کا فروغ ملکی ترقی کیلئے ناگزیر ہے،حکومتی معاشی پیکج سے ملک میں بند صنعتیں بحال ہونا شروع ہو جائیں گی، بزنس کمیونٹی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔