نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے بنوں میں الخدمت اسپتال، 15 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت اور خطاب کیا۔ مردان میں جماعتِ اسلامی کے زیرِاہتمام انفاق فی سبیل اللہ مہم کی ڈونرز کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا۔ ملتان میں اسلامی جمعیت طلبہ کے سابقین احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نجات دِلانے کے لئے اسلامی نظریاتی پختہ کردار، دوقومی نظریئے سے ہم آہنگ وژن اور وسیع تر قومی ترجیحات پر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ ہر دور کے نوجوانوں کی رہنما، محسن اور زندگیوں کو بامقصد بنانے کی تحریک ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمتوں سے مالامال کیا ہے لیکن 78 سال سے فوجی اسٹیبلشمنٹ کی حکمرانی، ہائیبرڈ نظام اور مسلم لیگ، پی پی پی، پی ٹی آئی کے ادوارِ اقتدار ملک و مِلّت کے لئے انتہائی ناکام، ناکارہ اور فرسودہ نظام ثابت ہوئے ہیں۔ ہر ادارے میں محبّ وطن، اہل، دیانت دار اور جدید دور سے ہم آہنگ باصلاحیت افراد موجود ہیں، جو ملک و مِلّت کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں لیکن اشرافیہ اور کرپٹ لوگوں کے مفادات کا محافظ نظام اہل لوگوں کو نظرانداز کرتا ہے اور نااہل، کرپٹ، چاپلوس لوگ غلبہ پالیتے ہیں۔ جماعتِ اسلامی ہر شعبہ زندگی کے اہل، دلیر اور ملک و مِلّت کی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو منظم کرکے آئین کی فرمانروائی اور قرآن و سُنت کی بالادستی کا نظام لائے گی۔
لیاقت بلوچ نے خیبرپختونخوا میں بدامنی، دہشت گردی اور عوام کی جان مال عزت کو لاحق حقیقی خطرات پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وادی تیراہ کے عوام شدید ترین سرد موسم میں اَن گِنت مسائل سے دوچار ہیں۔ صوبائی حکومت نے فوجی اسٹیبلشمنٹ کے سامنے سرنڈر کردیا، اب وفاق اور صوبائی حکومت لاعلمی اور لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں، یہ عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے۔ پی ٹی آئی کو حق ہے کہ اپنی قیادت کی رہائی کی جدوجہد کرے، اپوزیشن محاذ پر اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کرے لیکن صوبائی حکومت کا اصل فرض صوبے میں گُڈگورننس، عوام کی جان مال عزت کا تحفظ ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت ہائبرڈ نظام کا حصہ بھی ہے اور اپوزیشن کا کردار بھی سنبھالئے ہوئے ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام بیک وقت بنیادی حقوق سے محروم ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی عوام پر مسلط ہے، سرکاری محکموں کی کرپشن اور کھلے عام عوام کو بلیک میل کرنے کا مکروہ دھندا جاری ہے۔ کراچی میں گُل پلازہ آتشزدگی واقعہ اور لاہور کے گندے نالے کے کھلے مین ہول میں ماں اور بیٹی کا گِرکر جاں بحق ہونا ایک طرح کے قومی المیے ہیں، جن کے پیچھے کرپشن، غفلت، لاپروائی اور بیڈگورننس کی داستانیں ہیں۔ عوام مسلم لیگ، پی ٹی آئی، پی پی پی کے ناکام، فرسودہ اور تکلیف دہ طرزِ حکمرانی سے عاجز آگئے ہیں۔ اِس عوام دشمن طرزِ حکمرانی سے نجات کے لئے جماعتِ اسلامی ہی عوام کا واحد قابلِ اعتماد سیاسی پلیٹ فارم ہے۔ ظلم، نااہلی، کرپشن، بدانتظامی پر مبنی نظام سے نجات کے لئے عوام جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، جماعتِ اسلامی چاورں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بااختیار بلدیاتی نظام لائے گی۔#
