امریکی میڈیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ بڑی تعداد میں صحافیوں کو نوکری سے نکالے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے اپنے 300 سے زائد صحافیوں اور عملے کے ارکان کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے، جو کہ ایڈیٹوریل کا ایک تہائی سے زائد بنتے ہیں۔ اس اقدام کو نہ صرف اخبار بلکہ عالمی صحافت کے لیے بھی ایک تاریک دن قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فارغ کیے جانے والوں میں زیادہ تر بین الاقوامی بیوروز، مقامی رپورٹرز، کھیلوں کا ڈیپارٹمنٹ اور کاروباری رپورٹس سے وابستہ صحافی شامل ہیں۔
متعدد بین الاقوامی رپورٹرز اور ایڈیٹرز نے اس اقدام کو صدمے اور دکھ کے ساتھ سوشل میڈیا پر بیان کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے سینئر انٹرنیشنل افیئرز کالم نگار ایشان تھرور بھی فارغ کیے گئے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ اس فیصلے سے دل شکستہ ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھی صحافیوں کے لیے افسوس کا اظہار بھی کیا۔
ایشان تھرور معروف بھارتی مصنف اور سیاست دان ششی تھرور کے بیٹے ہیں۔
