اسلام آباد میں پلاسٹک کی سڑک تعمیر کی جائے گی

اسلام آباد میں پلاسٹک کی سڑک تعمیر کی جائے گی اس مقصد کے لیے مشروبات تیار کرنے والی ایک کمپنی اور سی ڈی اے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے مشروبات کی کمپنی اور سی ڈی اے کے درمیان جو معاہدہ طے پایا ہے اس کے تحت استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں سے پلاسٹک کی سڑک تعمیر کی جائے گی۔چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے اس سلسلے میں بتایا کہ منصوبے کے پائیلٹ پراجیکٹ کے تحت مشروبات تیار کرنے والی کمپنی استعمال شدہ پلاسٹک سے ایف نائن پارک کے اندر پلاسٹک کی سڑک تعمیر کرے گی۔اس ضمن میں کہا گیا کہ اگر یہ تجربہ کامیاب ہو گیا تو پھرآئندہ مرحلے میں ایوب چوک سے مارگلہ روڑ تک ایک کلومیٹر طویل سڑک پلاسٹک سے بنائی جائے گی۔چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق رواں ہفتے ہی فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں اس سلسلے کا ٹرائیل شروع کیا جائے گا جس میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ پلاسٹک سے تعمیر کی جانے والی سڑک کس قدر پائیدار ہی عامر احمد علی کے مطابق پلاسٹک سے سڑک کی تعمیر کا تجربہ اس سے قبل پاکستان میں نہیں ہوا ہے لیکن اگر یہ تجربہ کامیاب ہو گیا تو مشروبات تیار کرنے والی کمپنی اسلام آباد میں ایک کلومیٹر سڑک کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی (سی ایس آر) کے تحت مفت بنا کر دے گی۔ اس کے بعد سی ڈی اے خود بھی اپنے مستقبل کے منصوبوں میں استعمال شدہ پلاسٹ سے سڑک بنانے پر غور کرے گی کیونکہ اس سے ماحول کو دیگر میٹریل کی نسبت کم نقصان پہنچتا ہے۔ مشروبات کی کمپنی ایک کلومیٹر روڈ کی تعمیر نو کے لیے تقریبا 8 ٹن کے قریب پلاسٹک استعمال کرے گی اس منصوبے کا مقصد کلین اور گرین پاکستان کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں