آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے زیرانتظام مقبوضہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی آزادی کی آرزو کی تکمیل کیلئے ان کی مدد کریں اوروحشیانہ مظالم کے شکار کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکومت کے غاصبانہ تسلط اور وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اپنے ان جذبات اوراحساسات کا جذباتی اظہار پاکستان نیشنل آرٹس کونسل میں ”میری دھرتی میرے لوگ“ کے عنوان کے تحت منعقد ہونیوالی تصویر ی نمائش میں اپنے فن پاروں کے ذریعے کیا۔ اس نمائش میں آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے حسین مناظر کو کیمرے کی آنکھ کے ذریعے آشکار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ جنت نظیر وادی کشمیر کا پورا علاقہ انتہائی حسین نظاروں کا امین شاندارخطہ ہے، اس تصویری نمائش کا بنیادی مقصد دوردراز کے علاقوں کے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتیوں کو اجاگر کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرانا ہے۔ نوجوانوں نے اس نمائش میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے تاریخی نقوش اور خطہ کی روایتی ثقافت کے قدرتی پہلو?ں کو اجاگر کیا۔ نمائش میں شریک نوجوانوں نے متاثر کن تصورات کے تحت اپنے خطہ کے نوجوانوں کی خداداد صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے اور مزید فروغ دینے کیلئے شاندار عملی تعاون اور بہترین پذیرائی پر ایس سی او کے کردار کی بھی تعریف و تحسین کی۔ نوجوانوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دنیا کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان اپنے جنت نظیر خطہ کے جمالیاتی حسن کو اپنے فن پاروں کے ذریعے بھی پیش کرنیکی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ بھارتی حکومت نے کشمیر کے مقبوضہ علاقہ میں نوجوانوں کو اپنی خداداد صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی بجائے مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے جس کا دنیا بھر کی مہذب اقوام کو سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ نمائش میں حصہ لینے والے نوجوانوں نے اس بات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام اپنے ان مظلوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جو مقبوضہ وادی میں بدامنی کی وجہ سے انتہائی اذیت ناک ماحول میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اپنے فن پاروں کے ذریعے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ وادی کے عوام کو بی جے پی کی انتہائپسند متعصب حکومت کے وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کیلئے اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔ نمائش میں شریک شائقین نے کشمیری نوجوانوں کے فن پاروں کی نمائش کو ثقافتی اعتبار سے متاثر کن مالا مال خوبصورت پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے اپنی منفرد تصویروں اور شاہکار فن پاروں کے ذریعے شمالی علاقوں کے قدرتی حسن اور خوبصورتی کو بہترین انداز میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے ملک میں بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا کے مختلف ممالک میں بھی ایسی ثقافتی نمائشیں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا، فوٹو گرافی کے مقابلے میں جیتنے والے نوجوانوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ یہ نمائش 13 دسمبر تک جاری رہے گی۔
