پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمہ

نائب امیر جماعتِ اسلامی اور حکومت سے مذاکرات کےلئے جماعتِ اسلامی کی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی ملکی معیشت میں بہتری لانے، پیداواری لاگت کو قابلِ برداشت بنانے کےلئے آئی پی پیز کے ملکی معیشت کےلئے ہولناک معاہدوں پر نظرثانی اور پٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمہ اور عوامی ریلیف کےلئے تحریک/جدوجہد دوسرے مرحلہ میں کامیاب ہوگئی۔ جماعتِ اسلامی کے کارکنان، خواتین، نوجوانوں، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کِسانوں، تاجر برادری اور سِول سوسائٹی کے تمام طبقات کی نمایاں شرکت نے ملک کے سیاسی محاذ پر مثبت، بامقصد اور عوامی ریلیف کی سیاسی جمہوری قومی مزاحمت کی کامیابی سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں سے نجات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عوام کےلئے قابلِ برداشت بنانے کی جدوجہد کامیاب ہوئی ہے، اب عوام کو ظلم کے نظام سے نجات دِلانے اور قومی معیشت کی بحالی، سیاسی بحرانوں کے خاتمہ، قومی ڈائیلاگ اور قومی ترجیحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کی جدوجہد کا مرحلہ شروع ہوگیا جو پوری قوم کےلئے بابرکت بنے گا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اور جماعتِ اسلامی کے درمیان مذاکرات کے 12 راؤنڈز ہوئے، مذاکرات کے آخری راؤنڈ میں حتمی معاہدہ کی منظوری دی گئی۔ اِس موقع پر جماعتِ اسلامی کے وفد نے حکومت پر واضح کیا اور مطالبہ کیا کہ بجلی، گیس، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، ایل پی جی قیمتوں پر کنٹرل میں حکومتی ناکامی کا تدارک کیا جائے۔ مہنگائی پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکامی عوام کےلئے عذاب بن گئی ہے، گندم اور آٹے کے ہوشربا ریٹس عوام کےلئے خوفناک صورتِ حال اختیار کرگئے ہیں، حکومت فوری طور پر اِس کا ازالہ کرے۔ گندم اور چینی کی اِمپورٹ ایکسپورٹ سے مافیا کی سرپرستی کا خاتمہ کیا جائے، آئین اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے مطابق سُود کا خاتمہ کیا جائے، یہ حکومت کی اوّلین اور قومی ذمہ داری ہے۔ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اِمپیکٹ پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی لاکر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی کا عمل نئے بجٹ سے پہلے مکمل کرلیا جائے اور حکومت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے واجب الادا رقم وصول کرکے قومی خزانہ میں لائے جو پٹرولیم لیوی کے خاتمہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا ذریعہ بنے گی۔#