سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار 800 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 16 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 85 ہزار 871 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہےعالمی مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ میں 15 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 2020 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 43 اعشاریہ 16 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں اُنیس اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں چینی، دالیں، انڈے سمیت 19 اشیاء مہنگی ہوئیں، چینی کی فی کلو قیمت 135 روپے سے بڑھ کر 143 روپے 43 پیسے، دال مونگ 3 روپے 36 پیسے فی کلو، انڈے فی درجن 8 روپے 3 پیسے ، پیاز فی کلو ایک روپے 95 پیسے مہنگے ہوئے، گندم کا آٹا، جلانے کی لکڑی اور بیف مہنگے ہوئے۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق8 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر مرکزی بینک کے زر مبادلہ ذخائر2 کروڑ 6 لاکھ ڈالر بڑھ کر 7 ارب 4 کروڑ 8 لاکھ ڈالرہو گئے ۔ کمرشل بینکوں کے پاس ذخائر7 کروڑ87 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 16 کروڑ 56 لاکھ ڈالر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں