سوئی سدرن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کراچی میں کھلی کچہری کے اجلاس میں صارفین کی خدمت کا اعادہ کیا.
منیجنگ ڈائریکٹر، سوئی سدرن گیس کمپنی، عمران منیار نے صارفین کی شکایات کو تیزی سے حل کرنے کے لیے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا باوجود اس حقیقت کہ طلب اور رسد کے بڑھتے ہوئے فرق کے باعث گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سوئی سدرن کو مشکل چیلنجز کا سامنا ہے.
یہ بات انہوں نے جمعہ 22دسمبر 2023 کو پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (PMDU) کی ہدایت پر منعقدہ سوئی سدرن کے ہیڈ آفس آڈیٹوریم میں کھلی کچہری (روبرو) اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی .انہوں نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ اس اجلاس کے لیے پہلے سے رجسٹرڈ صارفین کے گیس سے متعلق سوالات اور شکایات کو سنا اور ان کے جلد ازالے کا احکامات جاری کیے.
مینیجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ڈسٹری بیوشن اور کسٹمر سروسز کے سینئر مینجمنٹ حکام جن میں عدنان رحمان جی ایم (ڈسٹری بیوشن – کراچی ویسٹ)، اسماعیل دلوش ڈی جی ایم (بلنگ – کسٹمر سروسز)، جاوید ملک اے ڈی جی ایم (سیلز – کسٹمر سروسز)، شہریار سید اے ڈی جی ایم (سیلز – کسٹمر سروسز) اور جمال ناصر (چیف منیجر – کسٹمر سروسز) کچہری کے پورے اجلاس میں موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے سوالات کے جوابات دیے. کارپوریٹ کمیونیکیشنز کے سربراہ سلمان احمد صدیقی نے اس کھلی کچہری کے سیشن کی نظامت کی.
سوئی سدرن اپنے فرنچائز صوبوں سندھ اور بلوچستان کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے، اپنے تمام علاقائی اور زونل دفاتر میں باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کرتا ہے جس کا مقصد صارفین کو اپنی شکایات کے اندراج کے لیے ایک شفاف پلیٹ فارم مہیا کرنا اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے.
اس کچہری سیشن میں شرکت کے لیے، صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پہلے سے مطلع کیا جاتا ہے تاکہ وہ گوگل فارم کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروا سکیں.
صارفین کی پہلے سے رجسٹرڈ شناخت کی تصدیق کے بعد آڈیٹوریم میں ان کے استقبال اور رہنمائی کے لیے ہیڈ آفس کے ریسیپشن ایریا میں ایک سہولت کاؤنٹر قائم کیا جاتا ہے جو اُنکی معاونت کرتا ہے.