جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان

راولپنڈی( ) سابق فوجی افسران کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں 8 فروری 2024 کے الیکشن میں جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کامیاب بنائیں۔ سابقہ حکمرانوں نے لوٹ کھسوٹ اور کرپشن میں ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ اب اہل’ دیانتدار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجنے کا وقت آ گیا ہے۔ 8 فروری کرپٹ لوگوں کا یوم حساب ہو گا۔ اس پریس کانفرنس میں بریگیڈیئر ( ر) آصف نواز ‘ ائر وائس مارشل ( ر) خداداد خان ‘ بریگیڈیئر ( ر) نعیم ‘ کرنل (ر) خلیل ‘ میجر (ر) منیر اعظم ‘ کرنل ( ر ) الیاس ‘ میجر ( ر ) سعید ‘ کموڈور (ر ) محسن مرزا ‘ کرنل ( ر) ارشاد عباسی ‘ کرنل ( ر ) اظہر اور دیگر موجود تھے۔اس سے قبل امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے ریٹائرڈ آرمی آفیسرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قوم کرپٹ حکمران ٹولے کو بار بار بھگت چکی ہے۔ باریاں لینے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ ملک کو تباہی سے دوچار کرنے والوں سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے۔ عوام سراج الحق کے نمائندوں کو ووٹ کی طاقت سے نمائندگی کے لئے منتخب کریں۔ ان شا اللہ ملک کا مستقبل سنوار دیں گے ۔ بریگیڈیئر(ر) آصف نواز نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لئے جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے۔ ہم ان شا اللہ جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں گے۔ سراج الحق کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ ائر وائس مارشل (ر) خداداد خان نے کہا کہ پاکستان بہت عظیم قربانوں کے نتیجے میں قائم ہوا تھا۔ افسوس کہ ہم روز بروز قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی وہ واحد پارٹی ہے کہ جو نظریہ پاکستان کو لے کر چل رہی ہے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے تکمیل کے لئے صرف جماعت اسلامی ہی پیش رفت کر سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی ‘ نائب امیر سید عزیر حامد ‘ امیدوار حلقہ این اے 56 ‘ عمران شفیق ایڈووکیٹ ‘ امیدوار حلقہ این اے 57 خالد محمود مرزا ‘ امیدوار حلقہ پی پی 19 ملک محمد الیاس ‘ امیدوار حلقہ پی پی 11 ظفر الحسن جوئیہ اور امیدوار حلقہ پی پی 18 ملک عمران نے بھی اظہار خیال کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں