امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ انتخابات اور کراچی سمیت دیگر مقامات پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کے نتائج میں تبدیلی اور کمی کے ساتھ ساتھ جیتے ہوئے افراد کو ہرانے کے خلاف 16 فروری بروز جمعتہ المبارک 4 بجے سہ پہر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہو گا۔ جس سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی اور نتائج تبدیل کرنے کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والے مظاہرے میں راولپنڈی سے بھی عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔ سید عارف شیرازی نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے ذمہ داران ‘ زونل امراء اور ارکان و کارکنان سے کہا ہے کہ وہ 16 فروری کو 4 بجے نیشنل پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کریں۔
