فیصل آباد( )ریلوے پریم یونین کے کارکنوں نے شگاگوکے شہیدمزدوروں کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، نورالدین،تنویراحمد،ساجدعمران،محمدکاشف کی قیادت میں ریلوے اسٹیشن پر مظاہرہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد محمود چوہدری نے کہاکہ شگاگو کے مزدوروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان کی لازوال جدوجہدکے نتیجہ میں آج دنیابھرمیں مزدورسر اٹھا کرچلنے کے قابل ہیں۔ان کی بیمثال قربانیوں نے سرمایہ دارانہ نظام کی جڑیں ہلادیں جو آج بھی دنیابھرکے مزدوروں کیلئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آج بھی ریلوے سمیت تمام سرکاری اور نجی شعبے کے مزدور اپنے حقوق اور کم اجرت ملنے پر حکومت کی عدم توجہی پر پریشان دکھائی دیتا ہے۔مزدوروں کے مسائل سے باخبر حکومت مزدوروں کے حال و حالات کو بدلنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی۔ حکومت کو چاہیے مزدوروں کے حقوق کیلئے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کرکے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے،ریلوے پریم یونین کے کارکنوں نے بعدازاں این ایل ایف کے زیراہتمام ہونے والی ریلی میں شرکت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بجٹ میں حاضر اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں،میڈیکل الاؤنس اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے، پاکستان ریلوے میں بلا مقصد نچلے سٹاف کی ریشنلائزیشن فوری طور پر ختم کی جائے، اگر ڈاؤن سائزنگ کرنی ہے تو ملازمین کی نہیں افسران کی ڈاؤن سائزنگ کی جائے، پاکستان ریلوے میں کنٹریکٹ افسران اور بھاری معاوضوں پر تعینات کنسلٹنٹس کی تعیناتیوں پر پابندی لگائی جائے۔ریلوے کی تنخواہ اور پنشن دیگر وفاقی اداروں کی طرح وزارت خزانہ اپنی ذمہ لے،پاکستان ریلوے کی بحالی کے لیے حکومت فوری طور پر 25 ارب روپے کا بیل اؤٹ پیکج دے، خالی اسامیوں پر ریلوے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے،پاکستان ریلوے ٹرینوں کی نجکاری فوری طور پر بند کی جائے۔
