اسلام آباد کشمیر مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے 22دسمبر کو اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے اسلام آباد کشمیر مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش برداری کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف اسلام آباد کشمیر مارچ میں بھرپور طریقے سے شرکت کر بھارت کے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 142دن سے زائد عرصے سے مسلسل کرفیواور لاک ڈاون کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بری جیل بنا دیا ہے۔پاکستان کے حکمراں بھی اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد چپ سادھ گئے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔حکومت پاکستان حکومت بچاو اور اپوزیشن جماعتیں حکومت گراؤ سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370کو ختم کئے جانے سے پورے بھارت میں انارکی پھیل چکی ہے اور بھارت کا سیکولر ازم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ہیاور 20سے زائد ریاستوں میں آزادی کی تحریکیں کو تقویت حاصل ہورہی ہیں۔مسلمانوں نے اسلامستان کے نام سے ایک اور اسلامی ملک کی تحریک شروع کر دی ہے اور بھارت جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائے گا۔انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور تمام سیاسی مذہبی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہوکر بھارت کی جارحیت کے خلاف بھرپور طریقے سے آوازبلند کریں۔تحریک آزادی کشمیر جلد کامیاب ہوگی اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔اسلام آباد کشمیر مارچ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریگا اور مظلوم کشمیریوں کو اس سے تقویت حاصل ہوگی

اپنا تبصرہ لکھیں