وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے راولپنڈی اسٹیڈیم پر بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے محنت کش علی حیدر کے گھر کا دورہ کیا اور اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت و ہمدردی کیا۔ انہوں نے شہید کے والدین کو دلاسہ دیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے شہید کے زخمی کزن منظور فیصل سے بھی ملاقات کی اور ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج دوسرے زخمی توقیر عباس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید علی حیدر اپنے والدین کا واحد سہارا تھا، جن کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ انہوں نے شہید کے اہلخانہ کے لیے 25 لاکھ روپے مالی امداد، ایک بہن کو سرکاری ملازمت، اور باقی اہلخانہ کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت سے کامیابی ہمارے شہداء کے خون کی بدولت ملی ہے، اور اب بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے پہلے سو بار سوچنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محاذ پر دشمن کو منہ کی کھانی پڑی ہے اور آئندہ دنوں میں سائبر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی واضح ہو جائے گی۔