نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے افغانستان سے تحریکِ طالبان پاکستان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی جانب سے سرحدی دہشت گردی اور دہشت گرد ڈرون ناکام حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی دونوں ممالک اور خطہ کے لئے تباہ کُن ہے. پاکستان کی افغانستان کے ساتھ کشیدگی کی صرف ایک ہی بنیاد ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ کی جائے، دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی ختم کی جائے، دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے. خطہ میں پاکستان اور افغانستان کے برادرانہ تعلقات کی مضبوطی ناگزیر ہے؛ پاکستان، ایران اور افغانستان کے مضبوط، پائیدار تعلقات خطہ کے عوام کی جان مال عزت کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں. تینوں برادر ملکوں کی قیادت جان لے کہ امریکہ، انڈیا، اسرائیل خطہ کے عوام کے مشترکہ دشمن ہیں، مخالف قوتوں کو لگام باہمی اعتماد اور مستحکم تعلقات سے ہی ڈالی جاسکتی ہے.
لیاقت بلوچ نے سنٹرل پارک جامع مسجد میں خطبہ جمعہ، مال روڈ لاہور پر القدس ریلی اور پاکستان ریلویز ورکشاپس پریم یونین کے افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی(رح) نے یوم القدس کا اعلان کیا، رہبر علی خامنہ ای کی شہادت سے آزادی فلسطین کی تحریک کو نیا جذبہ ملا ہے. امریکہ اور اسرائیل ایران پر حملہ آور ہیں، ایران کے عوام نے عظیم اتحاد اور یکجہتی سے ٹرمپ-نیتن یاہو پلان کو خاک میں مِلادیا ہے؛ ایران کے عوام استقامت کے کوہِ ہمالیہ ثابت ہوئے ہیں. مشرقِ وسطیٰ اور دُنیا کے دیگر خطوں میں امریکی فوجی اڈے خود مسلم ممالک کے لئے شدید خطرات اور تباہی کا باعث بن گئے ہیں. مسلم ممالک سے امریکی فوجی اڈوں کو ختم کرنا عالمِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے. امریکہ، اسرائیل شکست کی خِفت مٹانے کے لئے ایران کی آزادی، خودمختاری پر حملہ آور ہیں لیکن ایران کی فضائیں نئے رہبر کا استقبال کررہی ہیں اور “اے لوگو! خامنہ ای کا خدا زندہ ہے” کے ایمان افروز نعروں سے معطّر ہیں. “مرگ بر امریکہ، مرگ بر اسرائیل” اِس وقت اسلامی جمہوریہ ایران کا قومی ترانہ بنا ہوا ہے. ایرانی عوام دشمن کے خلاف متحد اور سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے. امریکہ اور اسرائیل کی فضاؤں سے “جنگ بند کرو” کی صدائیں ٹرمپ اور نیتن یاہو پر دباؤ بڑھارہی ہیں، دُنیا واضح طور پر ظالم اور مظلوم کے درمیان تقسیم ہوگئی ہے. ایران پر حملے کے نتیجے میں جنگ کے خطرات پاکستان کی دہلیز پر آگئے ہیں، پاکستان کے عوام ایران کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ ہیں، حکومت تذبذب سے باہر آئے اور ظالم جارح کے خلاف دوٹوک پالیسی اپنائے.
لیاقت بلوچ نے ریلوے مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر قابض سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے ملک نہیں چل رہا، قومی اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے، تیل و گیس کی ناقابل برداشت قیمتیں، کرپشن، ٹیکسوں کا خوفناک جال عوام اور غریب مزدور سے جینے کا حق چھین رہے ہیں. حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں ترک کرنے کے لئے تیار نہیں. عوام اپنے سیاسی، جمہوری حقوق، اقتصادی آزادی اور قومی اداروں کے تحفظ کے لئے جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں، انشاءاللہ ظلم کا نظام بدلے گا.
