بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے باعث الرٹ جاری

بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے باعث الرٹ جاری کردیا گیا۔

سائیکلون وارننگ سینٹر محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں مون سون سیزن کی ابتدائی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے، اگلے12 گھنٹوں میں کرناٹک گوا کے ساحل سے دور ایک ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق مشرق وسطی بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ شمال کی سمت بڑھنے کی توقع ہے، ہوا کا کم دباؤ مزید 36گھنٹوں میں شدت اختیار کرکے ڈپریشن کی شکل اختیارکرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ممکنہ سمندری طوفان کی سمت اور مقام کے بارے میں فی الحال کہنا قبل ازوقت ہے، سمندر میں ممکنہ کم دباؤ کی وجہ سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس بار مون سون کا آغاز معمول سے پہلے ہوگا۔ بارشیں بھی 5 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ گلیشئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پانی کی کمی بھی واقع ہوسکتی ہے۔

چئیرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون سیزن تین چار دن قبل یعنی جون کے آخر میں شروع ہوسکتا ہے۔ معمول کے مطابق مون سون کے دوران پنجاب میں 344 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ اس مرتبہ پنجاب میں 388 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ شمالی مشرقی پنجاب میں بارش معمول سے 50 فیصد زیادہ بارشوں کا امکان ہے البتہ شمالی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کم بارش ہوگی۔