بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز کے آفیشل ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ کو بھارتی حکومت کے حکم پر بلاک کر دیا گیا ہے، جو آزادی اظہار رائے اور صحافت پر ایک نیا سنگین قدغن تصور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے اچانک یہ اقدام لیا، جس کے بعد بھارتی صارفین کو رائٹرز کے اکاؤنٹ تک رسائی کی کوشش پر یہ پیغام موصول ہوتا ہے کہ ”@Reuters کو قانونی مطالبے کی وجہ سے بھارت میں روکا گیا ہے۔“
یہ بلاکنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت نے پہلے پاکستانی مواد کو سنسر کیا تھا، اور اب بین الاقوامی میڈیا کو بھی اپنی حدود میں روکنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
دکن کرونیکل کے مطابق، بھارتی حکام نے رائٹرز کے اکاؤنٹ بلاک کرنے کی کوئی واضح یا سرکاری وجہ نہیں بتائی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے میڈیا پر بڑھتی ہوئی سنسر شپ ایک غیر رسمی ایمرجنسی کے مترادف ہے، جس میں آزادی صحافت کو دبانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کی اس حکمت عملی کو بھارت اور عالمی سطح پر فاشسٹ نظریات اور پالیسیوں کا نفاذ قرار دیا جا رہا ہے۔