اسلام آباد میں 17 جولائی 2025ء کو ملٹی پارٹی قومی مجلسِ مشاورت منعقد کی جارہی ہے

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے یومِ عاشورہ کو راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں اجتماعات/پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں ماہِ محرم الحرام کا پہلا عشرہ اور یومِ عاشورہ پُرامن، ایمان افروز اور مِلّتِ اسلامیہ کو متحد کرنے کا عزمِ نو دے کر گزر گیا۔ مِلّتِ اسلامیہ شہدائے کربلا کو عقیدت کے نذرانے پیش کرتی ہے، اب اُسے بزیدی نظام اور یزید صفت حکمرانوں کے اسلوبِ حکمرانی کے خلاف بھی اُٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ پاکستان میں ماہِ ربیع الاول، عقیدہ ختمِ نبوتؐ کی حفاظت، اہلِ بیت، شہدائے کربلا سے عقیدت کے اظہار اور اللہ کی وحدانیت کے بیان پر مبنی کانفرنسیں تمام مسالک کے درمیان اتحاد، وحدت کا مظہر بن جائیں تو پاکستان امن و استحکام اور نفاذِ اسلام کا گہوارہ بن جائے گا۔ مِلی یکجہتی کونسل کی مجلسِ قائدین کے زیراہتمام مِلی اور عالمی اُمور پر اسلام آباد میں 17 جولائی 2025ء کو ملٹی پارٹی قومی مجلسِ مشاورت منعقد کی جارہی ہے، مِلی یکجہتی کونسل کی ممبر جماعتوں کے قائدین کے علاوہ دیگر جماعتوں کی مرکزی قیادت شرکت کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے ملتان میں جماعتِ اسلامی کے مرکزی رہنما، جنوبی پنجاب کی سیاسی، سماجی شخصیت راؤ محمد ظفر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ میں صوابی اور اٹک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوتِ دین کو عام کرنا، اِس پر عمل کرنا ہر صاحبِ ایمان پر فرض ہے۔ بہترین کردار، اعلیٰ اخلاق، امانت و دیانت کی زندگی فرد کا وقار بڑھاتی ہے اور انسانی معاشرہ کو جسدِ واحد بنادیتی ہے۔ انسانوں پر انسانوں کی حاکمیت نہیں، قرآن و سُنت کے احکامات اور آئینِ پاکستان کی فرمانروائی ہی امن، ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ کراچی میں ناقص تعمیر کے باعثت عمارت گِرنے سے بےگناہ لوگ جان سے ہاتھ دھوبیٹھے اور انتظامی بدعنوانیوں کو بےنقاب کرگئے۔ انسانوں کے قتل کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ کرپشن، ہوسِ زر، اصولوں ضابطوں سے انحراف قومی روگ بن گیا ہے۔ قومی سطح پر آئین، عدل و انصاف، اصولوں ضابطوں کی پاسداری کرنے سے ہی تمام ادارے اور محکمے درست سمت میں کام کرنے کے قابل ہونگے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، نوکر شاہی اور انتظامی ادارے قومی وسائل پر عیاشیاں بند کریں اور عوامی فلاح، حقیقی تعمیر و ترقی کو ترجیح بنائیں۔
لیاقت بلوچ نے جے آئی یوتھ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے وفود سے ملاقات میں کہا کہ نوجوان جدید دور کے سائنس، ٹیکنالوجی اور ہائیبرڈ ڈیجیٹل مہارتوں کو بھی اختیار کریں اور اپنے آپ کو اسلام کے سُنہری اصولوں کے مطابق بلند کردار، بااعتماد قوت بنائیں۔ 18 سال کے عمر کا ووٹر قومی سیاست، انتخاب کا جوہری کردار ہے۔ نوجوانوں کی سیاسی، جمہوری، انتخابی مقابلہ کی عملی تربیت کے لیے یونیورسٹیز، کالجز میں طلبہ یونینز بحال کی جائیں، عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام دیا جائے اور پنجاب، اسلام آباد، کوئٹہ (بلوچستان) میں بِلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ یہ امر بہت ہی تشویشناک ہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تقرریوں کو غیرآئینی اور غیرجمہوری، ضِد، اَنا، ہٹ دھرمیوں پر مبنی رویوں کے بھینٹ چڑھادیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بِلاتاخیر تقرریاں مکمل کی جائیں۔#