سی ڈی اے آکشن ناکام،مہنگے پلاٹ سستے داموں فروخت کرنے پر مجبور:سردار طاہر

بلیوایریا کا ساڑھے 34 لاکھ فی مربع گز والا پلاٹ کینسل ہونے پر 27لاکھ فی مربع گز میں بیچ دیا

اسلام آباد
صدر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن سردار طاہر نے سی ڈی اے آکشن بائیکاٹ مہم کی کامیابی پر اپنی کمیونٹی کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے آکشن بائیکاٹ ہوئی ہے جس کے بعد مہنگے پلاٹ سستے داموں فروخت کئے گئے ہیں،گزشتہ سال بلیوایریا کا پلاٹ نمبر 12 جو 34لاکھ پچاس ہزار فی مربع گز میں فروخت ہوا تھا پلاٹ ٹوکن کینسل ہونے پراس سال دوبارہ نیلامی میں آیا اور27لاکھ دس ہزار فی مربع گز میں بیچ دیا۔انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کمیونٹی کے اتحاد اور اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی مربوط حکمت عملی کے باعث گزشتہ روز سی ڈی اے آکشن مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،جب سی ڈی اے کو دوپہر تین بجے تک مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تو چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے۔ اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے انہوں نے وہ پلاٹ جو گزشتہ آکشن میں 32 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوا تھا،اُونے پونے داموں یعنی 27 لاکھ 10 ہزار روپے فی مربع گز میں فروخت کر دیا جس کا مقصد صرف اس ضد کو پورا کرنے کے لیے کہ چیئرمین سی ڈی اے کی مرضی کے مطابق آکشن “کامیاب” دکھائی دے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ آکشن بری طرح ناکام رہی ہے۔سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے کے ظالمانہ اور غیر دانشمندانہ فیصلوں کو یکسر مسترد کر دیا اور ایک واضح پیغام دیا کہ رئیل اسٹیٹ کمیونٹی اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہے