پمز ہسپتال کے سیکورٹی گارڑ کی خاتون مریض کے ساتھ بدتمیزی کی مذمت

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجنیئر نصراللہ رندھاوانے پمز ہسپتال کے سیکورٹی گارڑ کی خاتون مریض کے ساتھ بدتمیزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پمز ہسپتال واقعے کا فی الفور نوٹس لے کر مجرموں کو سزا دے ۔آئے روز ایسے واقعات کا رونما ہونا معمول بن چکا ہے ، سیکورٹی گارڈ کا خاتون پر تشدد افسوسناک ہے ۔ باعزت شہری جو علاج کی غرض سے ہسپتال آتے ہیں ان کے ساتھ ایسا برتا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی حکومت اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد کاروائی کا آغاز کرے ، تمام شہریوں کو صحت کی باعزت سہولت فراہم کرنا حکومت کی بنیادی اور آئینی ذمہ داری ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک وضاحتی موقف نہ آنا سوالیہ نشان ہے۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر صورت انصاف کو یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔