اسلام آباد —- امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی،بے روز گاری اور لاقانونیت سے نجات دلانے کیلئے ملک کے ہر گاؤں، شہر، محلہ اور یونین کونسل میں عوامی کمیٹیاں بنا رہی ہے،یہ عوامی کمیٹیاں نمعاشرے میں ظلم و ناانصافی کے خلاف عوام کو متحد اور منظم کریں گی،جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں مقامی آبادی کو ساتھ ملا کر معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی کا سنگ بنیاد رکھیں گی، انھوں نے کہا مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں اسلام آباد کی طر ف آنے والے لانگ مارچ کا گجرات، جہلم اور راولپنڈی میں شاندار استقبال کیا جا ئے گا، یہ لانگ مارچ اہل بلوچستان کی محرومیوں اور مسائل کو اُوجاگر کر نے کے لیے ہے،جبکہ حق دو بلوچستان تحریک کسی قوم قبیلے کے لیے نہیں بلکہ بلوچستان کے حقوق کے لیے ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ٹیکسلا کے فیملی ورکر کنو نشن سے خطاب کر تے ہو ئے کیا، اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی، عتیق الرحمن کشمیری،حافط شاہد،امجد سعید، افتخار احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا جماعت اسلامی نچلی سطح تک عوام کو انصاف دلانے کیلئے کوشاں ہے،جاگیر دار،سرمایہ دار اور ٹھیکیدار مزدور کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں، شوگر ملز مافیا حکومت میں بیٹھ کر عوام کو لوٹ رہا ہے،حکمران عوام کا استحصال کررہے ہیں، ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، انھوں نے کہا ملک کو قرضوں کے جال اور آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑنے والے ملک و قوم کا استحصال کررہے ہیں،حکومت غریب عوام کے پیسے پر چل رہی ہے جبکہ حکمران آئے روز اپنی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کرکے چھوٹے کسانوں،تاجروں اور عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کررہے ہیں
