بارشوں کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں جاری

ملک بھر میں بارشوں کے بعد سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 35 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد 26 جون سے اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 695 تک جا پہنچی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیلابی حادثات میں زخمیوں کی تعداد بھی 958 ہو گئی ہے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں ہلاکتوں کی تعداد 425 تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب میں 164، گلگت بلتستان میں 32 اور سندھ میں 29 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں 22، آزاد کشمیر میں 15 اور اسلام آباد میں 8 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ این ڈی ایم اے کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے مزید 229 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 20 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ اس طرح اب تک 2707 گھر اور 1023 جانور سیلابی ریلوں کی نذر ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم بارشوں اور طغیانی کے باعث مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔