وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے متعدی علاج کے عالمی شہرت یافتہ ہسپتال نیشنل سنٹرفار گلوبل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جاپان میں رائج صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم کوپنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، آلات اور طریقہ علاج پنجاب کے سرکاری صحت کے نظام میں رائج ہوگا۔ نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان میں رائج صحت کے نظام کی طرز پر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جاپان کی طرح پنجاب میں بھی ہیلتھ انشورنس کا طریقہ رائج کریں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کے ارکان کو ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے جاپانی طریقہ علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو نیشنل سنٹر فار گلوبل ہیلتھ میڈیسن میں جگر کے علاج کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔ دورے کے دوران پنجاب میں ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے علاج کے لئے جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال کے مختلف شعبے دیکھے اور فراہم کردہ سہولیات اور مشینری کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی ماہرین طب سے بھی بات چیت کی۔
