اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نمایاں رہیں گے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، مری، لاہور، وزیرآباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے کئی شہروں جیسے دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی اور لکی مروت میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب جنوبی بلوچستان کے ندی نالوں میں بارش کے باعث طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جس سے مقامی آبادی کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ شہر قائد میں نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، اہم سڑکوں پر ٹریفک جام معمول بن گیا جبکہ گھروں اور بازاروں میں بھی پانی داخل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق خراب موسم اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باعث صوبے بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے اس اقدام کو طلبہ اور والدین کی حفاظت کے پیش نظر ضروری قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں نے نہ صرف سندھ بلکہ دیگر صوبوں میں بھی مشکلات کھڑی کی ہیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی بارہا معطل رہی۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔