ادرک کے کئی صحت بخش فوائد

حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک جو ہمارے گھروں میں روزمرہ کھانوں اور چائے میں استعمال ہوتا ہے، اب شوگر اور سوزش (inflammation) کے علاج میں بھی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔

طبی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحقیق میں ادرک کے کئی صحت بخش فوائد کو درست قرار دیا گیا ہے، جیسے ادرک شوگر کو کم کرنے میں مددگار ہے اور یہ سوزش کو بھی مؤثر انداز میں کم کرتا ہے۔

ادرک اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات کو بہتر بناتا ہے، یعنی جسم کو نقصان پہنچانے والے مضر ذرات سے بچاتا ہے، اس کے علاوہ حمل کے دوران متلی میں بھی ادرک نے معاونت دکھائی۔

یہ تحقیق مختلف سائنسی مطالعات کے نتائج کو یکجا کرکے کی گئی، جسے میٹا انیلیسز (meta-analyses) کہا جاتا ہے، ایسے تجزیے عموماً زیادہ معتبر سمجھے جاتے ہیں کیونکہ یہ ایک ہی وقت میں کئی تحقیقی نتائج کا جائزہ لیتے ہیں۔

یہ جائزہ پانچ بڑی تحقیقات پر مبنی تھا، جنہوں نے مختلف مریضوں اور حالات میں ادرک کے استعمال کے اثرات کو جانچا، اس سے یہ بات مزید تقویت پکڑتی ہے کہ ادرک واقعی صحت کے لیے مفید ہے۔

ماہرین کے مطابق نتائج کافی حوصلہ افزا ہیں، لیکن ابھی مزید بڑے پیمانے پر مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ یہ طے ہو سکے کہ ادرک کی کتنی مؤثر مقدار ہونی چاہیے اور اسے کس طریقے سے استعمال کرنا بہتر ہے، جیسے چائے، پاؤڈر، کیپسول یا تازہ ادرک۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ادرک کے استعمال کو طبی مشورے کا نعم البدل نہیں سمجھنا چاہیے، مگر اسے ایک محفوظ اور آسان ضمنی طریقہ کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ ساتھ اسے شامل کریں اور کسی دوا (مثلاً شوگر یا دل کی دوائیں) کے ساتھ استعمال کرنے سے پہلے طبی مشورہ ضرور لیں۔