عشق پیغمبر اعظم ﷺ کانفرنس

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ایک اہم مشاورتی اجلاس مرکزی سیکریٹریٹ جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کونسل کے سیکریٹری جنرل جناب لیاقت بلوچ نے کی۔ اجلاس میں ممتاز رہنماؤں اور اراکین میں مفتی گلزار احمد نعیمی، علامہ عارف حسین واحدی، سید اسد عباس نقوی، طاہر رشید تنولی، زاہد علی اخوانزادہ، شاہد شمسی، مولانا عرفان اور آفس سیکرٹری اسرار احمد نے شرکت کی۔
اجلاس میں ’’عشق پیغمبر اعظم ﷺ مرکز وحدت مسلمین کانفرنس‘‘، ’’رحمت للعالمین ﷺ و ختم نبوت کانفرنس‘‘ اور قومی ایکشن کمیٹی کے اجلاس سمیت دیگر اہم اُمور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلا س میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عشق پیغمبر اعظم ﷺ کانفرنس، جو کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اور منجانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان منعقد ہو رہی ہے، ان شاء اللہ 14 ستمبر 2025ء بروز اتوار، 20 ربیع الاول کو سہ پہر 2 بجے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹراسلام آباد میں ہوگی۔ اس کانفرنس کے انتظامی اُمور کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سید اسد عباس نقوی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اسی طرح یہ طے پایا کہ رحمت للعالمین ﷺ و ختم نبوت کانفرنس، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے پلیٹ فارم سے جمعیت علمائے پاکستان کےتحت ان شاء اللہ 28 ستمبر 2025ء کو منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس کے انتظامات کے متعلق جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما طاہر رشید تنولی نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔
مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی قومی ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس 17 ستمبر 2025ء بروز بدھ مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں طلب کیا جائے گا، جس میں ملکی و بین الاقوامی حالات پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
شرکاء اجلاس نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان اتحادِ امت کے فروغ، مذہبی و ملی ہم آہنگی کے استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اپنا مؤثر اور تاریخی کردار ادا کرتی رہے گی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، بالخصوص سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات اور حکومتی سطح پر تاخیر سے امدادی اقدامات پر گہری فکر مندی ظاہر کی گئی۔ قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین سیلاب کی فوری بحالی اور ان کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
مزید برآں اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر اسرائیل کی جارحیت اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی گئی۔ رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی پوری امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے عملی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں بین الاقوامی سطح پر اسلاموفوبیا کی مہم، عالمی طاقتوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت اور امت مسلمہ کے داخلی انتشار پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی قرآن و سنت کی تعلیمات اور اسلامی اصولوں کے مطابق تشکیل دینی چاہیے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر ایک باوقار اور خودمختار اسلامی ریاست کے طور پر نمایاں ہو سکے۔
اجلاس کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور مربوط انداز میں جاری رکھے گی تاکہ ملت اسلامیہ کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا مشترکہ اور متحدہ حل پیش کیا جا سکے