پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر آگئی۔ برطانیہ کیلئے براہ راست کارگو پروازوں کا آغاز جلد ہونے جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو کارگو فلائٹس کیلئے مستقل اجازت نامہ دیدیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سی ای او قومی ایئرلائن کے نام اجازت نامہ جاری کیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے خط میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی کارگو پروازوں کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے برطانیہ کیلئے اجازت دی گئی ہے اور یہ اجازت نامہ 18 اگست 2030 تک کیلئے کارآمد ہے۔ تاہم اب اسلام آباد اور لاہور سے برطانیہ جانے والے سامان کی چیکنگ کیلئے ای ڈی سی مشین کا استعمال ضروری نہیں رہا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اجازت نامہ کے مطابق قومی ایئرلائن کے طریقہ کار کا برطانوی حکام اچانک معائنہ کرسکیں گے، کئی سالوں کے بعد اب قومی ایرلائن برطانیہ کو براہ راست کارگو بھیج سکے گی تاہم قومی ایئرلائن ابھی برطانیہ کے لیے مسافر پروازوں کی اجازت ملنے کا انتظار کررہی ہے۔
ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق آئندہ ماہ سے برطانیہ کے لیے براہ راست فضائی آپریشن کا آغاز کریں گے، گزشتہ روز برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے باقاعدہ طور پر قومی ایئرلائن کو آگاہ کردیا تھا، قومی ایئرلائن نہ صرف مسافر بلکہ کارگو طیارے بھی لے کر جائے گی۔
پہلے مرحلے میں مانچسٹر کی پروازیں چلائی جائیں گی، برمنگھم اور لندن کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سیکیورٹی اور کارگو کو 5 سال کے لیے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا ہے، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے جاری سرٹیفکیٹس قومی ایئرلائن پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔