عالمی برادری سے 5 کھرب 65 ارب 70 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ

عالمی برادری سے 5 کھرب 65 ارب 70 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ

وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے افسران کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان نے اقوام متحدہ میں اپنے نئے قومی ماحولیاتی اہداف (این ڈی سی 3.0) جمع کرا دیے، جس میں 2035 تک ماحولیاتی اہداف کے لیے 565.7 ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ بھی شامل ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان نے 2021 سے 2025 کے دوران این ڈی سی 2.0 کے تحت 37 فیصد گرین ہاؤس گیسز میں کمی کا ہدف حاصل کیا اور یہ ہدف پاکستان نے کسی بین الاقوامی مالی امداد کے بغیر حاصل کیا۔

نئے اہداف کے تحت پاکستان نے 2035 تک 2 ارب 55 کروڑ 90 لاکھ ٹن کے بجائے ایک ارب 28 کروڑ ٹن گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کا ہدف مقرر کیا ہے، اس دوران پاکستان اپنے وسائل سے 17 فیصد کمی کرے گا، جب کہ باقی 33 فیصد کمی کے لیے 5 کھرب 65 ارب 70 کروڑ ڈالر کی بین الاقوامی فنانسنگ اور ٹیکنالوجی کی فراہمی لازمی قرار دی گئی ہے، پاکستان نے عالمی برادری سے 5 کھرب 65 ارب 70 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق 2035 تک پاکستان میں 38 ہزار میگاواٹ سے زائد قابلِ تجدید اور کلین انرجی متوقع ہے، اسی طرح 2030 تک ملک میں 30 فیصد نئی گاڑیاں الیکٹرک ہوں گی اور 3 ہزار الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

انرجی ایفیشنسی پالیسی کے تحت پاکستان نے 2030 تک 3 کروڑ 50 لاکھ ٹن اخراج میں کمی کا ہدف بھی مقرر کیا ہے، جب کہ سستی ماحول دوست ٹیکنالوجی اور استعداد کار بڑھانے کے لیے عالمی تعاون کا مطالبہ کیا گیا ہے۔