قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی، ناظم کُل پاکستان اجتماعِ عام لیاقت بلوچ نے فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، لاہور میں اجتماعِ عام کی تیاریوں کے جائزہ کنونشنز سے خطاب کیا۔ مرکز منصورہ میں انتظامی شعبہ جات کے اجلاس منعقد ہوئے اور اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکز میں ناظمِ اعلیٰ حسن بلال ہاشمی، معتمدِ عام وسیع حیدر سے ملاقات کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا اجتماعِ عام اِنشاءاللہ قومی دینی سیاسی محاذ پر نیا خوشگوار انقلاب برپا کرے گا۔ اجتماعِ عام دینی، فکری، اصلاحی اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ملک گیر رہنما اجتماع ہوگا۔ پورے ملک میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں، خواتین اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت ہوگی۔ 50 انتظامی شعبہ جات کے ناظمین نے ہوم ورک مکمل کرلیا، اب عملدرآمد کا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔
لیاقت بلوچ نے جھنگ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک-افغان تعلقات میں آتی بہتری دونوں ملکوں کے عوام کے لیے سُکھ کا سانس ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ اور انڈیا سے کوئی خیر نہیں حاصل نہیں ہوسکتی، دونوں ملکوں کے بااعتماد تعلقات ہی مسائل کا حل ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا اور اس لحاظ سے ایک اسلامی جمہوری نظریاتی ملک ہے۔ افغانستان کے عوام نے دُنیا بھر خصوصاً پاکستان کے تعاون سے روس اور امریکہ و نیٹو فورسز کے مقابلہ میں کامیابی اسلام اور نظریہ کی بنیاد پر حاصل کی۔ دونوں ملکوں کے اسلامی نظریاتی اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات ہی مسائل کے حل کی کنجی ہے۔ انڈیا نے نائن الیون کے بعد امریکہ و نیٹو فورسز کے ساتھ مِل کر ہزاروں افغانیوں کو شہید کیا، اب بھی انڈیا کا افغانستان کی طرف بڑھتا ہاتھ دراصل ہندو بنیا کا ہی ایک سازشی جال ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی محصولات میں بزنس کمیونٹی کے کم ہوتے کردار پر غصہ اور خوفناک اقدامات کی بجائے وفاقی، صوبائی حکومتیں، سرکاری پالیسی ساز اپنے طرزِ گورننس پر نظرثانی کرکے اِسے تبدیل کریں۔ سرکاری محکمون کی کرپشن، لُوٹ مار اب کُھلا راز ہے۔ لاتعداد سرکاری محکمے ہر بزنس پر حملہ آور ہیں۔ ناجائز مطالباتِ زر مسلّط کرکے بڑی رشوت کا راستہ ہموار کیا جاتا ہے۔ خود سرکار کا کرپٹ کنڈکٹ سرکاری محصولات میں بڑی کمی کا باعث ہیں۔ حکومتیں تنخواہ دار طبقہ کو اور کتنا نچوڑیں گی۔ زراعت، تجارت، صنعت اور سرمایہ کاروں کو امانت و دیانت، گُڈگورننس کی بنیاد پر اعتماد دیا جائے۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے سُود سے نجات، سماجی فلاح و انصاف پر مبنی پاکیزہ اسلامی نظامِ زکواۃ کا نفاذ اور بابرکت اسلامی معاشی نظام کا روڈ میپ دیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے پاکستان بھر کی ہندو برادری کو دیوالی کی خوشیوں کے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ہر اعتبار سے محفوظ ہیں، جماعتِ اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے اِس سال بھی دیوالی تہوار پر ہندو برادری کی خوشیوں میں شمولیت کے لیے تحائف تقسیم کئے۔ سابق ایم پی اے سندھ ڈاکٹر شنکر لعل نے روہڑی میں جماعتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا
