اسلام آباد —- امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک نظام،ایک نصاب اور ایک زبان میں تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ایک قوم بننے کے لیے انتہائی ضروری ہے،آزمودہ چہروں اور بوسیدہ نظام سے تعلیم جیسا ہم ترین فریضہ نظر انداز ہو گیا ہے جس سے کروڑوں بچوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے، بنوقابل پرو گرام کے ذریعے بیس لاکھ نوجوانوں کو ملک بھر میں آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے،انھوں نے کہا نوجوانوں کو ملک سے مایوس کیا جارہا ہے، ان پر تعلیم و روزگار کے دروازے بند ہیں، تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، ابتدائی تعلیم کے بعد صرف بارہ فیصد اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں،تمام تر وسائل ہونے کے باوجود حکمرانوں نے ملکی آباد ی کے ساٹھ فیصد نوجوانوں کی طرف سے آنکھیں بند کررکھی ہیں،ملک میں تعلیمی اداروں کی فیسوں کو بڑھا دیااور تعلیم کو تجارت بنا دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام بنوقابل کے تحت مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لیے ہزاروں طلبا وطالبات نے امتحان دیا۔ اس مو قع پر امیر جماعت اسلامی گجرات انصر محمود دھول ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن وقاص انجم جعفری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا نوجوان 21:22:23 نومبر کو لاہور مینار پاکستان اجتماع عام میں شرکت کر کے موجو دہ نظام سے برات کا اعلان کریں، اجتماع عام میں حافظ نعیم الرحمن نوجوانوں کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ نوجوان حالات سے مایوس نہ ہوں بلکہ مایوس کرنے والوں کو مایوس کریں اور پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی سے مل کر جدوجہد کا آغاز کریں، انھوں نے کہا ہم نے نوجوانوں کی مدد اور ان کے ووٹ کی طاقت سے ملک پر مسلط ظلم و جبر کے اس نظام کوتبدیل کرنا ہے،بنو قابل پروگرام امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا آئیڈیا ہے جس سے پورے ملک کے نوجوان مستفید ہو رہے ہیں،جماعت اسلامی نوجوانوں کومفت آئی ٹی کورسزکرانے کے ساتھ ساتھ اورڈگری پروگرامز میں بھی سکالرشپس لائیں گے۔
