اجتماع عام میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز—اجتماع عام بڑی تبدیلیوں کا ذریعہ بنے گا۔ ڈاکٹر طارق سلیم

اسلام آباد —– امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ”بدل دو نظام“ کے نعرہ کے تحت اکیس، بائیس،تئیس نو مبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا اجتماع عام دنیا کی حالیہ سیاسی تحریکوں کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، گریٹر اقبال پارک کے تین سوانتیس ایکڑ میں انسانوں کا سمندر نظر آئے گا، نوجوان نسل کو مایوسی سے نکالنا ہمارا اصل ہدف ہے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا، انھوں نے کہا اجتماع عام کے موقع پر جماعت اسلامی نظام کی مکمل تبدیلی کے لیے منظم ملگ گیر جدوجہد کا آغاز کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے اُمرائے اضلاع کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا اجتماع عام بدل دو نظام تحریک کے ذریعے ملک اور قوم کے حقوق کے تحفظ اور نوجوانوں میں امید کی شمع روشن کرنے کا لائحہ عمل دے گا، جماعت اسلامی کے اس عظیم الشان اجتماع عام میں اندرون اور بیرون ملک سے لاکھوں افراد شر یک ہوں گے، جبکہ ملک بھر سے تین دن کے لیے لاکھوں خواتین بچوں سمیت شریک ہونگی، انھوں نے کہا جماعت اسلامی اجتماع عام کے موقع پر قوم کے سامنے تعلیم کے شعبہ میں بہتری، عدالتی اصلاحات کا مکمل ایجنڈا پیش کرے گی، جبکہ یہ اجتماع عام ملک میں معاشی،معاشرتی،تعلیمی و سیاسی شعبوں میں بڑی تبدیلیوں کا ذریعہ بنے گا، انتظامی امور کے لیے چار سو کے قریب ارکان پر مشتمل 37 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں،اجتماع عام میں شرکت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز ہوچکا ہے، تمام پروگرامات سوشل میڈیا پر براہ راست نشر ہوں گے