میجر (ر) امان اللہ خان کی قیادت اور خدمتِ انسانیت کی میراث کو خراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد،—–مرحوم میجر (ر) امان اللہ خان کو ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد کیا گیا جنہوں نے خدمت، حب الوطنی اور ہمدردی کو یکجا کیا ، ایک متاثر کن شخصیت جن کی قیادت اور فیاضی نے بے شمار زندگیوں کو چھوا۔ اصول پسندی، اعتماد اور شفقت سے مزین ان کی میراث کو ان کے اہلِ خانہ، رفقائے کار اور مداحوں نے انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے دوران خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں اظہارِ خیال کرنے والوں میں چیئرمین آئی پی ایس خالد رحمان، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عثمان شوکت، چیئرمین اخوت اسٹیئرنگ کمیٹی جلیل ملک، چیئرمین آئی ایس ای ٹاورز ریئٹ مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ ہارون عِشان پِراچہ، بانی گیلپ پاکستان پروفیسر ڈاکٹر اعجاز شفیع گیلانی، اراکین بورڈ آف گورنرز آئی پی ایس ابرار احمد اور نجیب احمد، نذیر احمد وید، سینیئر ریسرچ فیلو آئی پی ایس شہزاد اقبال شام، محمود احمد، جنرل (ر) فیض گیلانی، اور میجر امان اللہ کے صاحبزادگان غفران امان اللہ اور جِبران امان اللہ شامل تھے۔ میجر امان اللہ، جو 22 اکتوبر 2025 کو وفات پا گئے، ایک ممتاز پیشہ ور، انسان دوست اور بصیرت افروز رہنما تھے جن کی زندگی دیانت، لگن اور مقصدیت کی عکاس تھی۔ وہ تقریباً تین دہائیوں تک آئی پی ایس سے وابستہ رہے اور ادارے کی فکری اور ادارہ جاتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ نیشنل اکیڈمک کونسل، بورڈ آف گورنرز، ایگزیکٹو کمیٹی اور انڈومنٹ کمیٹی کے رکن رہے، جہاں ان کی اسٹریٹجک بصیرت نے ادارے کی تحقیقی اور پالیسی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے چین، ترکی، ایران اور افریقہ کے ساتھ علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا اور توانائی، افغانستان، کشمیر اور آئی ٹی ڈیولپمنٹ جیسے موضوعات پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ ادارہ جاتی خدمات کے علاوہ، میجر امان اللہ انسانیت کی خدمت کے لیے بھی گہری وابستگی رکھتے تھے۔ بطور چیئرمین اخوت اسٹیئرنگ کمیٹی، انہوں نے شمالی پاکستان میں اسلامی مائیکروفنانس اور معاشرتی ترقی کے متعدد منصوبے متعارف کروائے۔ بطور صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (1991–92) اور بطور پہلے صدر اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج (1989–1994)، ان کی قیادت اور وژن نے معیشتی خودمختاری اور پائیدار ترقی کے لیے نئی راہیں ہموار کیں۔ تقریب کے مقررین نے ان کی شاندار زندگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک بااصول، منکسرالمزاج اور دوراندیش شخصیت قرار دیا، ایک ایسے رہنما جنہوں نے پیشہ ورانہ قابلیت کو انسان دوستی اور مقصدیت کے ساتھ جوڑا۔ انہیں ایک ایسے رہنما اور مربی کے طور پر یاد کیا گیا جن کی اخلاقی قیادت، نظم و ضبط، اور دوسروں کی تربیت کے جذبے نے ہر اُس شخص کو متاثر کیا جو ان سے وابستہ رہا۔ ان کی زندگی خدمتِ خلق، دیانت اور اجتماعی بھلائی کے لیے عمل کا ایک تابناک نمونہ ہے۔