پانی کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ٹی وی چیلنز پر پبلک سروس میسجز چلانے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ٹی وی چیلنز پر پبلک سروس میسجز چلانے کا حکم دے دیا اور لاء افسر کو ہدایت کی واٹر کمیشن کے اقدامات کو کیسے تمام ٹی وی چیلنز پر چلایا جا سکتا ہے، پیمرا سے ہدایات لیکر پیش ہوں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جوڈیشل واٹر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق اور ابوذر سلمان نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔

جوڈیشل واٹر کمیشن کی طرف سے سید کمال حیدر ایڈووکیٹ نے رپورٹ پیش کی، عدالت نے قرار دیا کہ جوڈیشل واٹر کمیشن نے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہونے سے بچایا ہے، جس پر سید کمال حیدر نے بتایا کہ واٹر کمیشن کیساتھ منسلک عملے اور افسروں کے تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ کس نے تبادلے کر دیئے، چیف سیکرٹری پنجاب نے واٹر کمیشن سے منسلک عملے کو تبدیل نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ تبادلوں کا نوٹیفیکیشن واپس لیں ورنہ توہین عدالت کی کارروائی کیلئے تیار ہو جائیں۔ میں تو حکم دیا تھا کہ کسی عملے کا تبادلہ نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے لاء افسر کو ہدایت کی کہ پانی سے متعلق واٹر کمیشن کے اقدامات کو کیسے تمام ٹی وی چیلنز پر چلایا جا سکتا ہے، پیمرا سے ہدایات لیکر پیش ہوں، عدالت نے پبلک سروس میسجز تمام ٹی وی چینلز پر چلانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں