پورا نظام ہی فرسودہ

اسلام آباد —— امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں فارم سیتالیس کی حکومت کے ہو تے ہو ئے عوام کے حالات نہیں بدل سکتے، ملک کا پورا نظام ہی فرسودہ ہے، گلے سڑے نظام سے جان چھڑائے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے،پاکستان کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کے لیے زند گی کے تمام طبقات کو جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر نظام بدلنے کی جدوجہد کا حصہ بننا پڑے گا، انھوں نے کہا پاکستان کا ٹرمپ کے نام نہاد غزہ امن بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں، فیصلہ پر قوم کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی پارلیمنٹ کو،کہ حکمران بتائیں کس کی مشاورت سے غزہ بورڈ میں شمولیت کا اتنا بڑا فیصلہ کیا ہے؟ فارم سنتالیس ہی کی پارلیمنٹ سہی، اس میں تو اس اقدام پر بحث ہونی چاہیے تھی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے مرکزی تربیت گا میں شر یک افرد سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا بسنت کوئی ثقافتی تہوار نہیں بلکہ ایک خونی کھیل بن چکا ہے جس میں ہر سال قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، اس کے باوجود پنجاب حکومت کی جانب سے 6 تا 8 فروری بسنت منانے پر اصرار نہایت افسوسناک اور عوام کی جانوں سے کھلواڑ کے مترادف ہے، ڈور سے گلے کٹنے، چھتوں سے گرنے، موٹر سائیکل سواروں کے شدید زخمی ہونے اور بچوں کے مستقل معذور ہو جانے کے واقعات ہر سال بسنت کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ یہ سب کوئی نئی بات نہیں، ماضی اس کا گواہ ہے۔ اس کے باوجود حکومت آنکھیں بند کر کے اس خونی تہوار کو فروغ دینا چاہتی ہے، جو سراسر غیر ذمہ دارانہ طرزعمل ہے، انھو ں مطالبہ کیا کہ بسنت پر مکمل اور موثر پابندی کو یقینی بنایا جائے، ڈور بنانے، فروخت کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔ جماعت اسلامی کسی صورت انسانی جانوں پر سیاست قبول نہیں کرے گی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔