دُنیا پر عیاں ہوگیا کہ انڈین قیادت کھیل، سیاست، سفارت کاری اور انسانی تکریم کی دشمن قیادت ہے پی سی بی چیئرمین نے ٹھیک ٹھیک چوکے چھکے لگائے لیکن میچ ڈرا ہوگیا

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ترلائی اسلام آباد، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملوں پر بلوچستان، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے قائدین سے منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اسلام، مسلمان، پاکستان کے دشمن ہیں۔ پاکستان کو غیرمستحکم کرنا پاکستان کے دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ دہشت گردوں اور دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈ کا مذہب اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردی ملک و مِلت کی دشمن قوتوں کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ معرکہ حق بنیان مرصوص میں انڈیا اب تک اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کا ہر حربہ استعمال کررہا ہے۔ قومی وحدت اور حکومتی سطح پر انسدادِ دہشت گردی کے لئے بیک وقت قومی ایکشن پلان بنانے اور عوام و نوجوانوں کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا۔ دہشت گردی، بیرونی مداخلت کا مقابلہ قومی وحدت اور متفقہ، واضح، دوٹوک قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے ہی پائیدار اور ثمرآور ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے خطہ میں پاکستان، ایران اور افغانستان کے مضبوط تعلقات کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان طالبان قیادت اور حکومتی مشینری امریکہ اور انڈیا نہیں خطہ کے امن، استحکام، ترقی اور عوام کے معاشی مسائل کے حل کو ترجیح دے۔ افغانستان کے ایران اور پاکستان سے سفارتی، معاشی اور سکیورٹی ایشوز پر بااعتماد تعلقات ہی سب کے لئے فائدہ مند ہیں۔ لیاقت بلوچ نے پاکستان اور انڈین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی چیئرمین نے ٹھیک ٹھیک چوکے چھکے لگائے لیکن میچ ڈرا ہوگیا۔ بنگلہ دیش کا پاکستان پر اعتماد ضروری تھا اور سری لنکا، بھارت کا ثالثی کردار بھی مفید رہا، تاہم یہ امر دُنیا پر عیاں ہوگیا کہ انڈین قیادت کھیل، سیاست، سفارت کاری اور انسانی تکریم کی دشمن قیادت ہے۔ بھارتی عوام، دانش وروں، پالیسی سازوں کو خطہ میں جبر، طاقت، حماقت سے بالادست بننے کا فضول شوق ترک کرکے تمام مسائل کو حقائق کی بنیاد پر حل کرلینا چاہئے۔ اتوار کو میچ پُرجوش اور جذبہ عروج پر ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اچھے کھیل اورجیت کے لئے دُعاگو ہیں