صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا نصاب جاری

چیرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا نصاب جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے رواں سال کیلئے صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا نصاب جاری کیا ہے جس کے تحت رواں سال صدقہ فطر وفدیہ صوم کم ازکم 300 روپے فی کس ادا کیا جائے، گندم کا آٹا 300، جو کے حساب سے 1 ہزار 100 روپے صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کیا جائے، کھجور کے حساب 1 ہزار 600 روپے، کشمش کے حساب 3 ہزار 800 روپے، منقیٰ کے حساب سے 5ہزار 400 روپے، سرکاری آٹا کے حساب سے 200 روپے صدقہ و فدیہ صوم ادا کیا جائے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ صدقہ فطر ہر غلام، آزاد مرد، عورت، چھوٹے اور بڑے مسلمان پر فرض ہے، صاحب استطاعت افراد کو گندم پر انحصار کرنے کی بجائے اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر ادا کرنا چاہیئے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد ہو سکے، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے رہائشی اپنے علاقوں میں اجناس کی قیمتوں کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کریں۔

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا مزید کہنا ہےکہ گندم کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 9 ہزار روپے،جو کے حساب سے30 روزوں کا فدیہ 33 ہزار روپے، کھجور کے حساب سے30 روزوں کا فدیہ 48 ہزار روپے، کشمش کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 1 لاکھ 14 ہزار روپے، منقیٰ کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 16 ہزار 200 روپے ادا کرنا ہوگا جب کہ سرکاری آٹا کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 6 ہزار روپے بنتاہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے، گندم کا نصاب وزن کے لحاظ سے نصف صاع ( 2کلو احتیاطاً ) جو، کجھور، منقیٰ کا نصاب ایک صاع ( 4 کلوگرام احتیاطاً ) بنتا ہے۔