) وزارتِ مذہبی امور میں نئے تعینات ہونے والے وفاقی سیکرٹری سردار اعجاز احمد خان نے آج وزارت کے افسران سے تعارفی بریفنگ لی۔ اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور کے مختلف شعبہ جات کے افسران شریک تھے۔ انہوں نے سردار اعجاز احمد خان کو وزارت کی سرگرمیوں اور مختلف شعبہ جات کے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر نئے وفاقی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام افسران وزارت کی نیک نامی کیلئے ایک اچھی ٹیم کی طرح کام کریں۔ انہوں نے افسران کو وزارت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور اسکی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنے تمام تر تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ انکے دروازے تمام افسران کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وبا کی وجہ سے نہایت مشکل حالات ہیں تاہم وزارت حج جیسی مقدس عبادت کی با سہولت اور صحت و تندرستی کے ساتھ ادائیگی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ اس سلسلے میں سعودی حکام اور دیگر مسلم ممالک سے رابطے مزید مضبوط کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے تحت کام کرنے والے شعبہ تحقیق و مراجع ، مذہبی زیارات اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
