سینئر کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ نے جعلی خطوط کے اجراء کے معاملے پر عوام اور میڈیا سے اپیل کردی۔
علی گیلانی کے صاحبزادوں نعیم گیلانی اور نسیم گیلانی کی جانب سے کی گئی اپیل میں کہا گیا ہے کہ ان کے والد کے نام سے جعلی خطوط کا اجراء تشویشناک ہے۔
اہل خانہ نے کہا کہ خطرناک مہم پہلے سے علیل سید علی گیلانی کے لیے پریشانی کا باعث ہے، ان من گھڑت خطوط اور خیالی تبصروں سے والد صاحب کی صحت متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی جون میں حریت کانفرنس سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں، ان سے متعلق کوئی بھی بیان کا اُن کا سیاسی نمائندہ جاری کرے گا۔
اہل خانہ نے یہ بھی کہا کہ سید علی گیلانی سے متعلق کوئی بھی بیان ان کے نمائندے عبداللّٰہ گیلانی دیں گے اور اسے ہی درست تصور کیا جائے۔
سید علی گیلانی کے اہلخانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سید علی گیلانی کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔