اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) 55 ویں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے طانیا ویب سائٹ کے زیر اہتمام اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز میں تقریب ہوئی جس میں پاکستان مسلم لیگ(ض) کے صدر محمد اعجاز الحق‘ تحریک نوجوانان پاکستان و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ حمید گل‘ لانس نائک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے بھتیجے اسد معروف‘ اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر سجاد سرور‘ سینیئر نائب صدر طاہر آرائیں‘ نائب صدر سید مہتاب حسین شاہ‘ آب پارہ تاجر یونین کے صدر ملک محمد ظہیر‘ طاہر عباسی‘ ابوبکر‘ مدثر فیض چوہدری‘ کامران اختر‘ تنویر زیب‘ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی‘ ماہر تعلیم یو ایم ٹی کے ڈائریکٹر نارتھ سید محمد بلال‘ دانش ور فاروق عادل‘ سپریم کورٹ کے سینئر وکلاء نواز کھرل ایڈوکیٹ‘ قوسین فیصل مفتی ایڈوکیٹ کے علاوہ عاطف خان ایڈوکیٹ اور مسلم لیگ(ض) کے رہنماء ملک اسماعیل‘ میاں منیر احمد‘ محسن خان جنجوعہ‘ معراج الحق صدیقی اور پنجاب ٹیکنیکل ٹرینگ انسٹیٹیوٹ ٹیکسلا کے پرنسپل روشن اعوان شریک ہوئے‘ تقریب میں وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کرنے والے تمام شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا‘ کی قربانیوں کو سراہا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہم اس وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے اور پوری قوم اس ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے‘ پاکستان مسلم لیگ(ض) کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے جب بھی موقع آیا وطن عزیز کے لیے بہترین اور جان کی قربانیوں کے نذرانوں کی بے مثال اور روشن تاریخ رقم کی ہے‘ ہمارے جوانوں نے زمین‘ فضا اور بحری حدود کی حفاظت کی اور ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے اور نوجوان نسل کو بھی اس بارے میں آگاہ کرتے رہنا چاہیے‘ شہداء پاکستان کی یاد میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایسی تقریبات ہوتی رہنی چاہیے انہوں نے کہا کہ اس ملک کی سلامتی‘ دفاع اور خوشحالی کے لیے ہمیں سب کو مل کر اپنے حصے کا کام کرنا چاہییتحریک نوجوانان پاکستان و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ حمید گل نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں‘ اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بھی اپنا سب کچھ اس ملک پر قربان کریں اور شہداء پاکستان کے راستے پر چلنے کے عزم کا اظہار کریں‘ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے بھتیجے اسد معروف نے محفوظ شہید کے بارے میں اپنے خاندان کی یادیں تازہ کیں‘ تقریب میں شہداء پاکستان کے درجات کی بلندی‘ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاء کی گئی تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر سجاد سرور نے چیمبر کا تعارف کرایا اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا
