سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور عمرہ ویزہ بھی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں مقیم مقامی شہریوں کو عمرے کی اجازت دی جائے گی اور اگلے مرحلے میں غیر ملکیوں کو بھی عمرہ کی اجازت دے دی جائے گی اور امید ہے کہ یہ اجازت اگلے ماہ مل جائے گی‘ لیکن سعودی حکومت غیر ملکی زائرین میں سب سے پہلے ان عازمین کو اجازت دے گی جو کورنا وائرس کی وجہ سے ویزہ ہونے کے باوجود عمرہ کے لیے حجاز مقدس نہیں جاسکے تھے‘ پاکستان میں ایسے زائرئن کی تعداد کم و بیش ساڑھے چار لاکھ بتائی جاتی ہے جو ویزہ مل جانے کے باوجود عمرے کے لیے سفر نہیں کر سکے تھے‘ سعودی عرب دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد کرونا وائرس کے پیش نظر پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، یہ ٹیسٹ سعودی عرب پہنچنے کے 48 گھنٹے کے اندر کرانا ہوگا۔یاد رہے کہ چند دن قبل سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کرونا وائرس کے باعث مملکت میں لگائی گئیں سفری پابندیاں اگلے سال کے آغاز ہی سے ختم کر دی جائیں گی۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی، سعودی شہری بیرون ملک آ جا سکیں گے۔ خروج وعودہ یا اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔سعودی عرب نے مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا، جو لوگ مستقل نوکریوں پر ہیں انھیں 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی، کھیلوں اور بزنس ویزا رکھنے والے افراد پر سے بھی سفری پابندیاں ختم کر دی گئی تھیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل ریکارڈ کمی ہورہی ہے۔
