پی آئی اے کے کراچی کے حادثہ کے متاثرین کو جلد از جلد رقوم ادا کی جائیں

پی آئی اے کے کراچی کے حادثہ کے متاثرین کو جلد از جلد رقوم ادا کی جائیں اور پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور پی آئی اے کے ملازمین کو اعزازیے ادا کیے جائیں ورنہ کارروائی ہوگی۔ مجلس قائمہ برائے حکومتی کے اجلاس میں یہ ہدایات دی گئیں۔ مجلسِ قائمہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت مجلسِ قائمہ کے چیئرمین جناب ملک محمد عامر ڈوگر نے کی ۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ کراچی میں واقعہ جہاز کے حادثہ کی وجہ سے کُل 27 لوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا جن میں سے 23 کو ادائیگیاں کردی گئیں جبکہ 4 کی ادائیگیاں اس لیے نہیں ہو سکیں کہ متعلقہ لوگ بیرونِ ملک ہیں۔ مجلسِ قائمہ کویہ بھی بتایا گیا کہ حادثہ میں بچ جانے والے دو زخمیوں کو معاوضہ دے دیا گیا اور دو شہداء کو بھی معاوضہ دے دیا گیا ہے۔ لیکن باقی لوگوں کے وراثتی سرٹیفیکیٹ ابھی تک ہمیں نہیں ملے ۔ جونہی ہمیں سرٹیفیکیٹ ملیں گے ہم ادائیگی کرا دیں گے۔ مجلسِ قائمہ کے استفسار پر بتایا گیا کہ تمام شہداء کے پسماندگان کے لیے دس دس لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے اور اب پی آئی اے کی کوششوں سے انہیں مزید ایک ایک کروڑ روپیہ ادا کیا جائےگا۔ مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ تما م متاثرین کے تمام واجبات جلد از جلد ادا کیے جائیں۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن، ریڈیو پاکستان اور پی آئی اے کے اُن ملازمین کو ابھی تک اعزازیہ نہیں دیا گیاجنہوں نے 19-2018 اور 20-2019 میں بجٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اپنی خدمات سرانجام دیں تھی۔ مجلسِ قائمہ نے اس پر انتہائی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ متعلقہ ملازمین کو فی الفور اعزازیے کی ادئیگیاں کی جائیں بصورتِ دیگر انتظامیہ کے متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین جناب ملک محمد عامر ڈوگر نے کی، جبکہ ممبران مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں جناب مجاہد علی، جناب شیخ راشد شفیق، محترمہ شگفتہ جمانی، جناب عثمان ابراہیم، جناب سید جاوید حسنین، جناب محمد افضل کھوکھر، جناب سید جاوید علی شاہ جیلانی، سید غلام مصطفیٰ شاہ اور محترمہ سائرہ بانو کے علاوہ محترم شیر اکبر خان، ایم این اے/محرک ، سید آغا رفیع اللہ ، ایم این اے /محرک اور انجینئر صابر حسین قائم خانی، ایم این اے/ محرک نے شرکت کی ۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور جناب علی محمد خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں سیکرٹری ، وزارت آبی وسائل کے علاوہ کئی اعلیٰ سول افسران نے بھی شرکت کی۔