پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے محمد اعجاز الحق’ پاک فوج اور شہداء سے اظہار یک جہتی کانفرنس سے خطاب

چکوال/ تلہ گنگ (نمائندہ)
سربراہ پاکستان مسلم لیگ ضیاء سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ بیرون ہوں یا اندرون ملک دشمن قوم کا ہر فرد ان سے نمٹنے کےلئے اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ وہ مقامی کلب میں منعقدہ پاک فوج اور شہداء سے اظہار یک جہتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع شہداء کے لواحقین ، ریٹائرڈ عسکری افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
سربراہ پاکستان مسلم لیگ ضیاء سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ بیرون ہوں یا اندرون ملک دشمن قوم کا ہر فرد ان سے نمٹنے کےلئے اپنی افواج کے ساتھ شانہ کھڑا ہے ۔ پی ڈی ایم میں شامل کچھ جماعتوں کی وطن دشمنی سب کے سامنے ہے ۔ اس میں شامل وہ لوگ جو اپنی ہی افواج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں وہ درحقیقت مودی کی زبان بول رہے ہیں ۔ جن کو پوری قوم نے مسترد کر دیا ہے ۔ عوام ان کے چہروں کو اچھی طرح جانتی ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن اسمبلی میں کھڑے ہو کر مارگلہ کی پہاڑیوں پر طالبان کی موجودگی پر پاک فوج کو آپریشن کا کہتے رہے ۔ اور یہ پاک فوج ہی تھی جس نے انتہاء پسندی پر اپنی جانوں کے نذرانے دیکر قابو پایا ۔ خوشنود علی خان صدر سی پی این سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کےلئے جانیں نچھاور کر رہی ہے ۔ اس پر تنقید بلا جواز ہے
استحکام پاکستان کانفرنسیں ایک اچھا اقدام ہے
۔ یہ سلسلہ پورے پاکستان میں پھیلایا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے اعجاز الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اس ایشو پر باہر نکلیں عوام ان کا ساتھ دے گی ۔ کوئی تو قیادت کرے ۔ خوشنود علی خان نے کہا کہ میرے خاندان میں ہر دوسرا بندہ فوجی ہے ۔ میرے گاؤں کے قبرستان میں کئی شہداء کی قبریں ہیں ۔ جنہوں نے وطن پر جان دینا فخر سمجھا ۔ اور اب ان کی اولادیں اپنے وطن پر مرمٹنے کو تیار ہیں ۔ ایسی فوج کو کوئی کیسے نیچا دیکھا سکتا ہے ۔
کانفرنس سے سابق ایم پی اے اور 65 / 71 کی جنگ کے غازی کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خاندان کے سات افراد نے جام شہادت نوش کیا ۔ وطن کی محبت ہمیں گھٹی میں ملا کر پلائی گئی ۔ جب بھی وطن نے پکارا لبیک کہا ۔ ہمارے ضلع میں کوئی ایسا قبرستان نہیں جہاں شہید کی قبر نہ ہو ۔ پھر بھی کچھ سیاسی عناصر جب پاک فوج کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں تو ہمیں دکھ ہوتا ہے ۔ سیاست کرو لیکن پاک فوج جیسے مقدس ادارے کو اپنی گندی سیاست میں مت گھسیٹو۔ اب ہم ایسے لیڈروں کےخلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ کرنل (ر) تیمور سلطان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کارگل محاذ کے غازی ہیں ۔ ہم نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کا مقابلہ کیا ۔ وطن کی طرف کوئی میلی نگاہ سے دیکھے ہم کبھی گوارہ نہیں کر سکتے ۔ ہم نے کبھی کسی کو غدار یا وطن دشمن کا سرٹیفیکیٹ نہیں دیا ۔ انہیں غدار بھارت کا میڈیا خراج تحسین پیش کر کے قرار دیتا ہے جب یہ پاک افواج کے خلاف زبان استعمال کرتے ہیں ۔ تو وہاں جب خوشیوں کے شادیانے بجائے جائیں تو پوری قوم کو خود ہی سمجھ آجاتی ہے کہ غدار کون ہے ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ضیاء چودھری غلام ربانی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کو خون دینے والے اصل محسن پاکستان ہیں ۔ ہمارے ضلع میں پندرہ سو سے زائد جہاں شہداء موجود ہیں وہیں سیکڑوں غازی زندہ اور آسودہ خاک بھی ہیں ۔ پاک فوج دنیا کی طاقتور ترین فوج ہے ۔ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ کانفرنس سے پیر عبدالقدوس نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص اپنی فوج سے بے پناہ محبت رکھتا ہے ۔ وطن کی سرحدوں پر دفاع کےلئے کھڑے جوانوں کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں ۔ کانفرنس سے حافظ عبد الغفور منہاس ، خالد اعجاز ، خواجہ بابر سلیم ، میڈیم فریدہ یونس نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر جھگی اسکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلو پیش کر کے پاک فوج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا