کورونا کی دوسری لہر اور اُس سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویشناک ہے ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن


اکورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکمت عملی اور اقدامات کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن نے  پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدرمحمد عبدالشکور نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر اور اُس سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویشناک ہے۔الخدمت نے پہلے بھی آگاہی، طبی سرگرمیوں اور امداد باہمی کے پیغام کو لے کر ملک گیر مہم چلائی تھی،اسی طرح اب بھی ”کاروبار زندگی احتیاط کے ساتھ” کے سلوگن کے ساتھ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیاہے۔ عبادت گاہوں، ہسپتالوں، دفاتر اور دیگر عوامی مقامات پر اسپرے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ اہم مقامات اور اداروں کو پی پی ای کٹس، سینی ٹائزرز، ماسک اور گلوز بھی فراہم کئے جائیں گے۔اس لہر کی وجہ سے جو لوگ بے روزگار ہوں گے ان کو بھی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ ہم پانچ کورونا ٹیسٹنگ لیبز اور بیس کولیکشن سنٹرز کے ساتھ پورے ملک میں پی سی آر ٹیسٹنگ کریں گیجبکہ جلد ہی کولیکشن سنٹرز کی تعداد پچاس کردی جائے گی۔ فی پی سی آر ٹیسٹ چار ہزار روپے،اینٹی باڈیز ٹیسٹ ایک ہزار جبکہ اینٹی جن ٹیسٹ 15سو روپے میں کیا جائے گا۔ الخدمت  نے کورونا کی پہلی لہر میں اپنے چالیس ہسپتالوں میں سے گیارہ ہسپتالوں میں کورونا اسپیشل وارڈز بنائے تھے۔ اِن میں سے چار ہسپتالوں کو دوسری لہر کے پیش نظر تیار کر لیا گیا ہے جو کسی بھی ہنگامی  صورتحال میں خدمت کے لئے دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، الخدمت کی پوری لیڈر شپ نے ویکسین کے ٹرائلز کے لئے خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کیا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر خبیب شاہد نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر گھروں میں زیرِ علاج مریضوں کوالخدمت  ان کی دہلیز پر آکسیجن سلنڈرز اور پلس اوکسی میٹر فراہم کرے گی جبکہ پیما اِس سلسلے میں پیما ہیلتھ لائن کے ذریعے آکیسجن اور غذاؤں کے استعمال میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ پیما ہیلتھ لائن سیکوئی بھی فرد اپنی بیماری سے متعلق آن لائن مشورہ حاصل کرسکتا ہے۔ پیما کے شعبہ سی ایم ای کے زیر اہتمام ڈاکٹر کی راہنمائی کے لئے آن لائن ویبنارز کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔