حج آرگنائزر ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی رہنما اورخدام الحرمین پاکستان کے چیئرمین حافظ شفیق کاشف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا نجی شعبہ کورونا وبا کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا۔ آئندہ ہفتے اس سلسلے میں سعودی عرب کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کی مدد سے ایسی تجاویز سامنے آئیں جن پر عمل درآمد کے لئے حکومت سے درخواست کی جائے۔ بدھ کو عرب میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت عوام اور تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں نے کرونا وائرس سے عوام کو محفوظ بنانے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ کورونا سے متاثرہ نجی شعبے کو اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کرنے کے لئے دونوں ممالک سرپرستی کریں۔ حافظ شفیق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت کی صنعت آگے بڑھ رہی تھی اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی تھی تھی۔بد قسمتی سے کرونا وبا سے سب سے زیادہ یہی شعبہ متاثر ہوا ہے جسے مکمل تباہی سے بچانے کے لیے سرکاری سرپرستی میں ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیاحت سے وابستہ شعبوں کو ٹیکس چھوٹ دی جائے اور اسلامی اصولوں کے مطابق قرض حسنہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے دیئے جائیں جس کی مدد سے لوگوں میں مایوسی ختم کی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطمینان بخش امر ہے کہ سعودی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے تمام اقدامات اٹھانے پر تیار ہے۔
